بچے کو نئے کمرے میں منتقل کرنے کے لیے 7 کارآمد ٹپس
جو بچے چلنا سیکھ رہے ہوتے ہیں ان کی زندگی میں روز بروز تبدیلیاں آتی ہیں اور جہاں جھولے سے بستر پر انہیں منتقل سے متعلق بات ہوتی ہے وہیں بچوں کو نئے بیڈ روم میں منتقل کرنا بھی ان کی زندگی کا حصہ ہے۔ ایسا عموماً تب کرنا شروع کیا جاتا ہے جب آپ کے ہاں نئے بچے کی پیدائش متوقع ہو۔ ذیل میں وہ 7 طریقے دیے جا رہے ہیں جن پر عمل کرکے آپ اپنے بچے کی نئے بیڈ روم میں منتقلی آسان بنا سکتے ہیں۔
1: منتقلی مرحلہ وار کریں
جب تک کہ آپ کا نیا بچہ پیدا نہ ہو تب تک اپنے بچے کو فوراً منتقل کردینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کے بجائے آپ یہ کام مرحلہ وار کرسکتے ہیں۔ مگر یہ یقینی بنائیں کہ منتقلی نئے بچے کی پیدائش سے پہلے مکمل ہوچکی ہو ورنہ بچے میں حسد پیدا ہوسکتا ہے کہ اس کی نئی بہن یا بھائی نے اسے اس کی جگہ سے باہر نکال دیا ہے۔
2: بچے کو نئے کمرے کے بارے میں بتائیں
انہیں نئے کمرے کی مثبت باتوں کے بارے میں بتائیں کہ کس طرح ان کے پاس کھیلنے کے لیے زیادہ جگہ ہوگی۔ اگر آپ کا بچہ جلدی 'بڑا' بننا چاہتا ہے تو ان کے پرانے کمرے کو 'بچوں کا کمرہ' کہیں جس سے اس کے اندر نئے کمرے میں منتقل ہونے کی خواہش پیدا ہوگی۔
پڑھیے: بچہ روز رات کو اٹھ جاتا ہے تو اس کی وجوہات یہ ہوسکتی ہیں
3: ان کی پسندیدہ چیزیں نئے کمرے میں رکھ دیں
بچے اپنے کھلونوں سے بہت زیادہ وابستہ ہوتے ہیں۔ کوشش کریں کہ آپ ان کے کھلونے وغیرہ اس نئے کمرے میں رکھ دیں اور منتقلی سے پہلے ان کے ساتھ وہاں کھیلتے ہوئے وقت گزاریں۔ اس کے علاوہ انہیں نئے کمرے میں منتقل کرنے سے پہلے رات کو سونے وقت کہانی ضرور سنائیں۔
4: اپنے بچے کو کمرہ سجانے میں شامل کریں
منتقلی کے عمل میں بچے کو شامل رکھنے سے وہ کمرے میں اکیلے رہنے سے کم خوفزدہ ہوں گے۔ ایسا کرنے کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ اگر آپ اپنے بچے کو نئے کمرے میں منتقل کرنے والے ہیں تو کمرے کی سجاوٹ کا انتخاب انہیں کرنے دیں۔ آپ بھلے انہیں اس کام پر پورا کنٹرول نہ دیں مگر ایسا ضرور کریں کہ ان کی پسند کا رنگ کروا دیں یا ان کے پسند کے پرنٹس والی چادریں خرید لیں۔
5: سونے کا روٹین معمول کے مطابق ہی رکھیں
سونے کے وقت کے معمول کو جتنا نارمل رکھیں اتنا ہی بہتر رہے گا۔ یاد رکھیں کہ صرف کمرہ ہی منتقل ہو رہا ہے اس لیے ان کے سونے کا وقت اور باقی سارے معمولات ویسے ہی رکھیں۔
مزید پڑھیے: کیا آپ کا بچہ اپنی ضد منوانے کے لیے شور مچانا شروع کردیتا ہے؟
6: تبدیلیاں کم سے کم رکھیں
’بڑے بچوں‘ کی نئے کمرے میں منتقلی اکثر بچے کو جھولے سے بڑے بستر میں منتقل کرنے کا ایک اچھا موقع ہوسکتا ہے مگر ایسا صرف تب کریں جب آپ کا بچہ واقعی اس کام کے لیے تیار ہو۔ اگر نہیں تو جھولے کو ہی نئے کمرے میں رکھ دیں تاکہ منتقلی آسان ہوسکے۔
7: منتقلی کا جشن منائیں
زندگی میں بڑی تبدیلیوں کا جشن منایا جانا چاہیے اور بچوں کو اپنے لیے پارٹیاں بہت پسند ہوتی ہیں۔ ایک دفعہ جب بچوں کا بیڈ روم مکمل ہوجائے تو اس تبدیلی کی خوشی میں ایک چھوٹی سی پارٹی رکھیں۔ نئے کمرے کی تمام اسپیشل باتوں کا تذکرہ کریں اور بچے کو جو تحفے ممکن ہوں، دیں۔