• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:33pm Maghrib 5:10pm
  • ISB: Asr 3:34pm Maghrib 5:12pm

نیلم منیر اور سمیع خان کی محبت بھی ‘رانگ نمبر’

شائع October 6, 2018
دونوں کی ایک ساتھ پہلی فلم ہوگی—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں کی ایک ساتھ پہلی فلم ہوگی—فائل فوٹو: فیس بک

پاکستان فلم انڈسٹری میں بھی ہولی وڈ اور بولی وڈ کی طرح اب سیکوئل فلموں کی روایت چل پڑی ہے، رواں برس جہاں نامعلوم افراد 2 اور جوانی پھر نہیں آنی 2 جیسی فلمیں سامنے آئیں۔

اب وہیں اطلاعات ہیں کہ 2015 کی رومانٹک کامیڈی فلم ‘رانگ نمبر’ کا بھی سیکوئل بنانے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔

جی ہاں، اطلاعات ہیں کہ فلم ساز و اداکار یاسر نواز کی کامیاب رومانٹک کامیڈی فلم ‘رانگ نمبر’ کا سیکوئل بنانے پر کام شروع کردیا گیا اور اس بار فلم کی کاسٹ میں نئے چہرے بھی شامل کیے جائیں گے۔

‘رانگ نمبر 2’ میں اداکار سمیع خان مرکزی جب کہ نیلم منیر ان کی محبت کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ڈان امیجز کے مطابق ‘ایسی ہے تنہائی’ جیسے ڈراموں سے شہرت حاصل کرنے والے سمیع خان اب ‘رانگ نمبر 2’ میں رومانس اور کامیڈی کا جادو چلاتے نظر آئیں گے۔

علاوہ ازیں اداکارہ و ماڈل نیلم منیر بھی پہلی بار اس فلم کا حصہ بنیں گی۔

اگرچہ سمیع خان اور نیلم منیر کو فلم کا حصہ بنایا گیا ہے، تاہم جاوید شیخ، دانش نواز اور نیر اعجاز سیکوئل میں بھی اپنے کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔

ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے سمیع خان کا کہنا تھا کہ سیکوئل فلم بھی پہلی فلم کی طرح رومانٹک کامیڈی ہی ہوگی۔

انہوں نے اپنے کردار اور فلم کے حوالے سے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ ابھی فلم کے اسکرپٹ پر کام جاری ہے، تاہم وہ فلم میں اپنے کردار اور اداکاری سے شائقین کو محظوظ کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

سمیع خان کا کہنا تھا کہ دوسری فلم میں بھی پہلی فلم کی طرح شائقین کو خوب کامیڈی اور رومانس دیکھنے کو ملے گا اور وہ فلم دیکھ کر بوریت محسوس نہیں کریں گے۔

اداکار کے مطابق ممکن ہے کہ فلم میں یاسر نواز بھی مختصر کردار میں نظر آئیں، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

سمیع خان کے مطابق سیکوئل فلم کا اسکرپٹ بھی یاسر اور دانش نواز ہی لکھ رہے ہیں، جب کہ ڈائلاگس پر اداکار احمد حسن کام کر رہے ہیں۔

اگرچہ فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو آئندہ برس کے وسط تک ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پہلی فلم کی کہانی دانش تیمور کے گرد گھومتی ہے، جو کسائی یعنی جاوید شیخ کے بیٹے ہوتے ہیں اور وہ اپنے آباؤ اجداد کے کام کرنے کے لیے تیار نہیں ہوتے۔

دانش تیمور کو اداکار بننے کا شوق ہوتا ہے، جب کہ ان کے والد جاوید شیخ چاہتے ہیں کہ اگر وہ کسائی نہیں بننا چاہتے تو کوئی اچھی نوکری کرلیں۔

دانش تیمور فلم میں ڈبل کرداروں میں نظر آئے تھے، جس وجہ سے فلم میں کنفیوژن پیدا ہوئی اور اسی کنفیوژن کے گرد ہی فلم کی کہانی گھومتی ہے۔

پہلی فلم میں مرکزی کردار سوہائے علی ابڑو نے کیا تھا، تاہم اب ان کی جگہ نیلم منیر جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024