بھارت کا روس سے 5 ارب ڈالر کا جدید ترین دفاعی نظام خریدنے کا معاہدہ
نئی دہلی: روس کے دفاع اور انٹیلی جنس شعبے میں تجارت پر امریکی پابندیوں کی دھمکی کے باوجود بھارت نے روس سے 5 ارب ڈالر مالیت کا فضائی دفاعی نظام خریدنے کا معاہدہ کرلیا۔
بھارتی ٹی وی انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق یہ نظام 2020 تک بھارت کے حوالے کیا جائے گا، اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان خلا میں تعاون کے لیے بھی معاہدہ طے پایا۔
دارالحکومت نئی دہلی میں بھارتی وزیراعظم نریندر موودی اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں جوہری توانائی، خلائی سفر اور معاشی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: روس بھارت کو 200 فوجی ہیلی کاپٹرز فراہم کرے گا
دلچسپ بات یہ ہے کہ ملاقات کے بعد ہونے والی دونوں سربراہان کی مشترکہ پریس کانفرنس میں دفاعی معاہدے کا تذکرہ تک نہیں کیا گیا البتہ حکام نے معاہدہ طے ہونے کی تصدیق کی۔
واضح رہے کہ ایس-400 روس کا سب سے جدید اور زمین سے فضا میں طویل فاصلے تک مار کرنے والا دفاعی نظام ہے۔
چین وہ پہلا ملک تھا جس نے 2014 میں حکومتی سطح پر روس سے یہ میزائل سسٹم خریدا جبکہ روس کی جانب سے بیجنگ کو میزائلوں کی فراہمی بھی شروع کی جاچکی ہے جس پر امریکا گزشتہ ماہ چین پر پابندیاں بھی عائد کرچکا ہے۔
دوسری جانب سے بھارت نے امریکا سے کریمیا کے الحاق اور 2016 کے امریکی انتخابات میں مبینہ طور پر روس کے ملوث ہونے پر اسے پابندی سے استثنیٰ دیے جانے درخواست کی تھی۔
مزید پڑھیں: ترکی کا روس کے ساتھ ’ایس ۔ 400‘میزائل نظام خریدنے کا معاہدہ
تاہم نئی دہلی کے معاملے پر امریکا کو پریشانی کا سامنا ہے کیوں خطے میں چین کے بڑھتے اثرورسوخ کو محدود رکھنے اور روس پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے امریکا بھارت تعلقات کی مضبوطی انتہائی ضروری ہے۔
اسے سے قبل گزشتہ ماہ واشنگٹن اور نئی دہلی نے 2019 میں مشترکہ فوجی مشقوں اور فوجی سطح پر حساس معلومات کے تبادلے کا اعلان کیا تھا علاوہ ازیں امریکا بھارت کو ہتھیار فروخت کرنے والا دوسرا بڑا ملک بھی ہے۔
خیال رہے کہ روس وہ سب سے بڑا ملک ہے جو بھارت کو پاکستان اور چین کے جانب سے لاحق خطرات پر 100 ارب ڈالر تک کے ہتھیار فروخت کرچکا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی دفاعی تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ روس بھارت کا وقت پر کام آنے والا دوست ہے، مجھے خوشی ہے کہ اس سلسلے میں بھارت نے بھی گرم جوشی کا مظاہرہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ترکی کا روس سے جدید ایئر ڈیفنس خریدنے پر نیٹو ممالک پریشان
دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے تیسرے دفاعی معاہدے کے تحت بھارت روس سے ایک ارب ڈالر مالیت کے ہلکی ساخت کے 200 کے اے-226 ہیلی کاپٹر بھی خریدے گا جس میں سے 60 ہیلی کاپٹر روس میں جبکہ بقیہ بھارت میں ہی تیار کیے جائیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت اور روس کے درمیان ہونے والا انڈیا-رشیا سمٹ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح اجلاس ہے جو ہر سال یکے بعد دیگرے بھارت اور روس میں منعقد ہوتا ہے۔