• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

شہباز شریف کی گرفتاری: اپوزیشن کا قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ

شائع October 6, 2018

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری پر اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر اسد قیصر سے ایوانِ زیریں کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کر دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن)، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور جماعت اسلامی کے اراکین کے وفد نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی سربراہی میں اسپیکر اسد قیصر سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور شہباز شریف کی گرفتاری سے متعلق بات چیت کی۔

اپوزیشن اراکین نے اسپیکر قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر ایوان کا اجلاس بلانے اور ان کے حفاظتی احکامات جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن اراکین کو یقین دلایا کہ آئندہ 14 روز میں اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر ایوان کا اجلاس بلایا جائے گا جبکہ اس معاملے میں حفاظتی احکامات بھی جاری کیے جائیں گے۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کا کوئی بھی رکنِ اسمبلی موجود نہیں تھا۔

لیگی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، ایاز صادق

اسپیکر قومی اسمبلی کے گھر کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ ان کی درخواست ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے اور شہباز شریف کا پروٹیکشن آرڈر جاری کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کے لیے ریکوزیشن جمع کرادی ہے اور اسپیکر سے جلد سے جلد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کامطالبہ کیا ہے۔

سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ انتقامی کارروائیوں سے اجتناب کیا جائے کیونکہ اس وقت مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت کے خلاف انتقامی کارروائی ہورہی ہے، جس کا واضح ثبوت حکومتی اراکین کے بیانات ہیں۔

شہباز شریف کی گرفتاری کے حوالے سے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن لیڈر کو صاف پانی کیس میں بلا کرآشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل کیس میں گرفتار کیا گیا۔

مزید پڑھیں: نیب کی درخواست پر شہباز شریف کے ریمانڈ پر فیصلہ محفوظ

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اپوزیشن مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتی ہے، اور امید کرتی ہے 2 سے 3 روز میں ایوان کا اجلاس بلایا جائے گا۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخاب چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس میں حکومت کو صرف 4 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواجہ سعد رفیق انتخابی امیدوار ہیں ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا۔

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ ظفر الحق کا کہنا ہے کہ بغیر کسی وجہ کے شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا اور اس واقعے سے پورا ملک دل گرفتہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل: نیب نے شہباز شریف کو گرفتار کرلیا

انہوں نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی سے ایوانِ زیریں کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا اور امید کا اظہار کیا کہ ان کی درخواست پر جلد عمل کیا جائے گا۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما سینیٹر عبدالغفور حیدری نے شہباز شریف کی گرفتاری کو افسوس ناک اور شرم ناک قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آغاز میں ہی قبرستان جانے کا ارادہ کر لیا ہے، تاہم اپوزیشن ایسی گرفتاریوں سے گھبرائے گی نہیں۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کی پشت پر فوج اور عدلیہ کے ہونے کا تاثر افسوسناک ہے، یہ سب مل کر ایک پارٹی کے خلاف بزدلانہ فیصلے کر رہے ہیں۔

سینیٹر عبدالغفور حیدری نے واضح کیا کہ اپوزیشن خاموش نہیں رہے گی اور اگر وقت آیا تو اس کے خلاف مزاحمت بھی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 5 اکتوبر کو صاف پانی اسکینڈل کے حوالے سے بیان کے لیے طلب کیا گیا تھا جہاں انہیں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024