• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شہباز شریف نے قومی خزانے کو ایک پیسے کا نقصان نہیں پہنچایا، حمزہ شہباز

شائع October 5, 2018 اپ ڈیٹ October 6, 2018
حمزہ شہباز لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
حمزہ شہباز لاہور میں پریس کانفرنس کر رہے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ان کے والد نے قومی خزانے کو ایک پائی کا نقصان نہیں پہنچایا۔

مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے ساتھ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گرفتاری ہمارے لیے نئی بات نہیں، قومی احتساب ادارے (نیب) سے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی گرفتاریوں کا کام لیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں قربانیاں دینی پڑتی ہیں، دھاندلی کا زخم صرف میرے سینے پر نہیں، جمہوریت کے سینے پر ہے، جعلی مینڈیٹ لے کر عمران خان وزیراعظم کے منصب پر بیٹھے ہیں۔

مزید پڑھیں: آشیانہ کمپنی کیس: شہباز شریف کو گرفتار کرلیا گیا

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’اصل مسئلہ ضمنی انتخابات ہیں، وہ ضمنی انتخابات سے پریشان ہیں‘۔

انہوں نے کہا کہ جیل کی سلاخیں ہمیں ڈرا نہیں سکتیں، حوصلے پست نہیں بلکہ اور بھی مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوں نے شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے قریب آتے ہی مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کی گرفتاریاں کی جاتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری پر قانونی اور آئینی جنگ لڑیں گے اور اگر یہی روش رکھی گئی تو سڑکوں پر بھی جنگ لڑیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نندی پور اور پشاور میٹرو بس منصوبے کے حوالے سے بھی معاملات نیب کے زیر تفتیش ہیں لیکن ان میں کوئی گرفتاریاں سامنے نہیں آتیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'سیاستدانوں کو بد عنوان بنا کر پیش کرنا ملک دشمنی ہے'

ان کا کہنا تھا کہ نندی پور پاور منصوبے میں کروڑوں روپے کی خوردبرد کی انکوائری کی جائے، اس کیس میں تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نامزد ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیب سے پلی بار گین کے تحت جان چھڑانے والوں کو پشاور کا منصوبہ دیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے پرانے دوست زلفی بخاری کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکلوایا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024