• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

وفاقی کابینہ میں مزید 6 وزرا کی شمولیت

شائع October 5, 2018

اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں ایک مرتبہ پھر توسیع کے بعد 6 نئے وزرا نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے 5 وزرا اور ایک وزیر مملکت سے حلف لیا۔

حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی، جس میں اراکین اسمبلی اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

وفاقی وزرا کا حلف اٹھانے والوں میں محمد میاں سومرو، صاحبزادہ محبوب سلطان، علی امین گنڈاپور، اعظم خان سواتی اور محمد فیصل واوڈا شامل ہیں جبکہ زرتاج گل نے وزیر مملکت کا حلف اٹھایا۔

مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ میں 4 وزرا کا اضافہ، میاں سومرو، مراد سعید بھی شامل

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق محمد میاں سومرو کو نجکاری جبکہ فیصل واوڈا کو آبی وسائل کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

صاحبزادہ محمد محبوب سلطان نیشنل فوڈ سیکیورٹی، علی امین گنڈاپور امور کشمیر و گلگت بلتستان جبکہ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق زرتاج گل کو وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی کا قلمدان سونپا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 11 ستمبر کو حلف اٹھانے والے وفاقی وزیر علی محمد خان مہر کو وزیر نارکوٹکس کنٹرول جبکہ شبیر علی کو وزیر مملکت برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 20 اگست کو وزیر اعظم عمران خان کی 21 رکنی کابینہ میں شامل 16 وفاقی وزرا نے حلف اٹھایا تھا جبکہ 5 مشیروں کو بھی کابینہ کا حصہ بنایا گیا تھا۔

21 رکنی کابینہ کے بعد ایک اور رکن شہریار آفریدی کو شامل کیا گیا تھا، جنہیں وزیر مملکت برائے داخلہ کا قلمدان دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کے 6 نئے اراکین نے حلف اٹھا لیا

اس کے بعد 11 ستمبر کو 6 مزید وزرا کو شامل کیا گیا تھا، جن میں 3 وفاقی وزرا اور 3 وزرائے مملکت شامل تھے، جس کے بعد وفاقی کابینہ کے کل اراکین کی تعداد 28 ہوگئی تھی۔

تاہم آج مزید 6 وزرا کے شامل ہونے کے بعد وزیر اعظم کی وفاقی کابینہ کے کُل ارکان کی تعداد بڑھ کر 38 ہوگئی ہے۔

یاد رہے کہ محمد میاں سومرو کو پہلے وزیر مملکت بنایا جانا تھا،تاہم انہوں نے اس سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد انہیں وفاقی وزیر کا عہدہ دیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024