• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

رشی کپور بھی کینسر کا شکار؟

شائع October 4, 2018
رشی کپور نے 29 ستمبر کو علاج کے لیے امریکا روانہ ہونے کی ٹوئیٹ کی تھی—فوٹو: فیس بک
رشی کپور نے 29 ستمبر کو علاج کے لیے امریکا روانہ ہونے کی ٹوئیٹ کی تھی—فوٹو: فیس بک

اگر کہا جائے کہ 2018 بولی وڈ اداکاروں کی صحت کے حوالے سے کوئی اچھا سال ثابت نہیں ہوا تو کچھ غلط نہیں ہوگا۔

رواں برس کے آغاز میں ہی یہ خبر سامنے آئی کہ بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار عرفان خان ‘نیورو اینڈو کرائن ٹیومر’ نامی کینسر کے مرض میں مبتلا ہوگئے ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے خود بھی اس کی تصدیق کی اور وہ ان دنوں لندن میں علاج کے لیے مقیم ہیں، جہاں سے ان کی طبیعت بہتر ہونے کی خبریں آ رہی ہیں، تاہم تاحال انہوں نے خود اپنی بہتر صحت کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا۔

عرفان خان کے بعد بولی وڈ اداکارہ سونالی باندرے کے حوالے سے یہ خبر سامنے آئی کہ وہ بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔

بعد ازاں انہوں نے بھی اس کی تصدیق کی اور علاج کے لیے امریکا منتقل ہوگئیں، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

سونالی باندرے یہ نہیں بتایا کہ انہیں جسم کے کس حصے میں کینسر ہے، تاہم بتایا کہ انہیں کافی دیر بعد پتہ چلا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں۔

عرفان خان اور سونالی باندرے کے بعد گزشتہ ماہ ستمبر میں اچانک خبر سامنے آئی کہ بولی وڈ ہیرو آیوشمن کھرانہ کی اہلیہ طاہرہ کشیپ بھی بریسٹ کینسر میں مبتلا ہیں اور انہوں نے سرجری بھی کرالی۔

طاہرہ کشیپ نے خود ہی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ کینسر سے ان کا ایک بریسٹ متاثر ہوا، رپورٹس ہیں کہ ان کے ایک بریسٹ کو ہٹایا یا محدود کیا گیا ہے۔

تاہم اب بولی وڈ کے چاکیلیٹی ہیرو رنبیر کپور کے والد 66 سالہ رشی کپور کے حوالے سے خبریں ہیں کہ انہیں بھی کینسر کا مرض لاحق ہوگیا، تاہم ان کے خاندان نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔

رشی کپور کے حوالے سے یہ خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں، جب انہوں نے 29 ستمبر کو ایک ٹوئیٹ کے ذریعے بتایا کہ وہ چھٹیاں لے کر علاج کے غرض سے امریکا جا رہے ہیں۔

رشی کپور کا اپنی ٹوئیٹ میں کہنا تھا کہ ان کی صحت کے حوالے سے قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے، ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے دعا کی درخواست بھی کی تھی۔

رشی کپور نے واضح نہیں بتایا تھا کہ انہیں کیا مرض لاحق ہے، تاہم بتایا کہ وہ کچھ وقت تک علاج کے سلسلسے میں امریکا میں رہیں گے۔

رشی کپور کی اسی ٹوئیٹ کے بعد انٹرنیٹ پر یہ چہ مگوئیاں ہونے لگیں کہ انہیں کینسر لاحق ہوگیا، تاہم اب ان کے خاندان نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی بیماری کی تاحال شناخت نہیں ہوئی۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق رشی کپور کے بڑے بھائی اداکار رندھیر کپور نے بھارتی خبر رساں ادارے ‘پریس ٹرسٹ آف انڈیا’ (پی ٹی آئی) سے بات کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ابھی رشی کپور کی بیماری کی شناخت نہیں ہوسکی۔

رندھیر کپور کا کہنا تھا کہ ابھی رشی کپور کو خود بھی پتہ نہیں کہ انہیں کیا بیماری لاحق ہے، تاہم چند دن میں ان کے ٹیسٹ ہوجائیں گے تو ان کی بیماری سامنے آئے گی۔

رندھیر کپور نے کہا کہ لوگوں ان کے بھائی کی صحت اور بیماری سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرنا چاہیے، جب ان کے مرض کی شناخت ہوجائے گی، وہ خود عوام کو آگاہ کریں گے۔

رشی کپور کی بیماری کی خبر ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب کہ ان کی والدہ کرشنا راج کپور کا انتقال ہوا اور وہ ان کی آخری رسومات بھی شرکت نہیں کرسکے۔

اطلاعات ہیں کہ رشی کپور کے ساتھ ان کی اہلیہ نیتو کپور اور بیٹا رنبیر کپور بھی امریکا ساتھ گئے ہیں، جس وجہ سے وہ کرشنا راج کپور کی آخری رسومات میں شرکت نہیں کرسکے۔

کرشنا راج کپور یکم اکتوبر کو 87 سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد چل بسی تھیں اور ان کی آخری رسومات 3 اکتوبر کو ادا کی گئی تھیں، جس میں رندھیر کپور نے اپنی بیٹٰیوں کرشمہ اور کرینہ کپور کے ساتھ شرکت کی۔

علاوہ ازیں کرشنا راج کپور کی آخری رسومات میں کرن جوہر، رانی مکھرجی، امیتابھ بچن، عامر خان اور دیگر کئی اداکار بھی شامل ہوئے۔

انڈیا ٹوڈے کے مطابق کرشنا راج کپور کی آخری رسومات کے چند بولی وڈ شخصیات کو مسکراتے ہوئے بھی دیکھا گیا، جس پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

رپورٹ کے مطابق آخری رسومات کے دوران ہنسنے پر عامر خان، رانی مکھرجی، کرن جوہر اور کرینہ کپور کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا، علاوہ ازیں ان کے ہنسنے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024