• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

گوادر میں ریفائنری لگانے سے متعلق سعودی عرب سے بات چیت آخری مراحل میں

شائع October 4, 2018

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ گوادر میں 8 ارب ڈالر کی لاگت سے اہم ریفائنری بنانے سے متعلق رضامندی کا اظہار کردیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرِپیٹرولیم کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی جانب سے گوادر میں ریفائنری بنانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس معاہدے کی سمری منظوری کے لیے وفاقی کابینہ کو ارسال کی جائے گی جس کے بعد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے جائیں گے۔

غلام محمد سرور نے بتایا کہ رواں ماہ کے آخر میں سعودی عرب کے وزیرِ توانائی اسلام آباد کا دورہ کریں گے جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان معاہدے سے متعلق دستخط کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا سعودی عرب کو سی پیک میں ’تیسرا شراکت دار‘ بنانے کا اعلان

انہوں نے بتایا کہ سعودی وفد کو شمال جنوب گیس پائپ لائن منصوبے میں حصہ لینے کی پیشکش کی گئی ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم کے 10منصوبوں کی بولی کا حصہ بننے کی بھی دعوت دی گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے بتایا کہ انہوں نے سعودی عرب سے پاکستان کو خام تیل کی فراہمی بڑھانے کی بھی درخواست کی ہے۔

غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی بہت عزت ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات ہیں جو موجودہ دورِ حکومت میں مزید بلندیوں پر جائیں گے۔

پانچ لاکھ بیرل روزانہ کی ریفائنری کا تخمینہ تقریباً 8 ارب ڈالر سے 9 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’سی پیک میں سعودی عرب کو شامل کرنے کیلئے چین کو بھی اعتماد میں لیا‘

دوسری جانب پاکستان نے چین کو سعودی وفد کے ساتھ ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کردیا۔

حکومتی عہدیدار کا کہنا ہے چینی سفیر یاؤ جِنگ نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیاتی امور مخدوم خسرو بختیار سے ملاقات کی جو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے بھی ترجمان ہیں۔

وفاقی وزیر نے چینی سفیر کو بتایا کہ ریفائنری بنانا سعودی عرب سے زیادہ پاکستان کے لیے اہم ہے کیونکہ یہ ریفائنری پاکستان کی سالانہ 18 ارب ڈالر کے تیل کی درآمدات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوگی، جبکہ یہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گی کہ پاکستان کا عالمی مالیاتی فنڈ کی مدد پر انحصار کم ہوجائے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب بہت جلد سی پیک کا حصہ بنے گا، سفیر

دونوں رہنماؤں کی جانب سے نئے سماجی شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ اور بیجنگ میں صنعتی کانفرنس میں شرکت کے لیے وزیرِاعظم پاکستان عمران خان کے دورہ چین کو بھی حتمی شکل دی گئی۔

وفاقی وزیر اور چینی سفیر نے وزیرِ اعظم پاکستان کے دورہ چین کو دونوں ممالک کے درمیان تجارتی خلا کم کرنے میں اہم موقع بھی قرار دیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وفاقی وزیرِ پیڑولیم کا کہنا ہے کہ سعودی وفد نے گوادر میں اس جگہ کا بھی دورہ کیا جو پاکستان نے ریفائنری کے لیے مختص کی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024