نانا پاٹیکر کا کوئی نوٹس نہیں ملا، تنوشری دتہ
بولی وڈ کے ورسٹائل اداکار 67 سالہ نانا پاٹیکر پر گزشتہ ماہ 26 ستمبر کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگانے والی اداکارہ تنوشری دتہ نے کہا ہے کہ انہیں اداکار کی جانب سے بھجوایا گیا نوٹس تاحال نہیں ملا۔
تنوشری دتہ کی جانب سے الزامات لگائے جانے کے بعد نانا پاٹیکر نے انہیں بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اداکارہ کو قانونی نوٹس بھجوانے کا اعلان کیا تھا۔
نانا پاٹیکر کے وکیل راجندرا شردھوکر نے یکم اکتوبر کو کہا تھا کہ انہوں نے 34 سالہ تنوشری دتہ کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
اداکار کے وکیل نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی جانب سے بھجوایا گیا نوٹس اداکارہ کو 2 اکتوبر سے قبل ہی نوٹس مل جائے گا۔
نانا پاٹیکر کے وکیل نے بتایا تھا کہ انہوں نے نوٹس میں اداکارہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر نے تنوشری دتہ کو نوٹس بھجوا دیا
تاہم اب تنوشری دتہ نے کہا ہے کہ انہیں اداکار کی جانب بھجوایا گیا کوئی نوٹس نہیں ملا، علاوہ ازیں انہوں نے نوٹس بھجوائے جانے کے دعوے کو ہی جھوٹ قرار دیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق تنوشری دتہ نے تاحال نوٹس نہ ملنے کی تصدیق کی اور کہا کہ نوٹس کا شوشا صرف ان جیسی دیگر خواتین کو خاموش رہنے کے لیے رچایا جا رہا ہے۔
تنوشری دتہ نے کہا کہ وہ نوٹس سے ڈرنے والی نہیں، انہوں نے بھی قانونی ٹیم کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں اور وہ دیگر اداکاراؤں اور خواتین کو مشورہ دیں گی کہ وہ بھی سامنے آئیں اور آواز اٹھائیں۔
تنوشری دتہ نے خواتین کو کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنی خاموشی توڑ دیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ملک کا میڈیا بھی آواز اٹھانے والی خواتین کا ساتھ دے گا، اس لیے انہیں دوسروں کے محفوظ مستقبل کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘تنوشری دتہ شوٹنگ کے دوران نشے میں تھیں’
خیال رہے کہ تنوشری دتہ نے نانا پاٹیکر پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے اداکارہ کو 2008 میں فلم ‘ہارن: اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران نشانہ بنایا۔
اداکارہ کے مطابق نانا پاٹیکر ان کے ساتھ گانے میں نازیبا سین شوٹ کروانا چاہتے تھے۔
اس فلم کے آئٹم گانے ‘نتھنی اتارو’ کے لیے تنوشری دتہ کو کاسٹ کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں ان کے انکار کی وجہ سے راکھی ساونت کو اسی گانے پر کاسٹ کیا گیا۔
راکھی ساونت نے بھی تنوشری دتہ کے الزامات کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے گزشتہ روز کہا تھا کہ اداکارہ نے اس دن حد سے زیادہ منشیات استعمال کر رکھی تھی، جس وجہ سے وہ بے ہوش تھیں۔