• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

‘تنوشری دتہ شوٹنگ کے دوران نشے میں تھیں’

شائع October 1, 2018
راکھی ساونت کو تنوشری دتہ کی جگہ کاسٹ کیا گیا تھا—فوٹو: خلیج ٹائمز
راکھی ساونت کو تنوشری دتہ کی جگہ کاسٹ کیا گیا تھا—فوٹو: خلیج ٹائمز

بولی وڈ کی سابق اداکارہ تنوشری دتہ نے کچھ دن قبل ورسٹائل اداکار نانا پاٹیکر پر الزام لگایا تھا کہ انہوں نے اداکارہ کو 2008 میں فلم ‘ہارن اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران ہراساں کیا۔

33 سالہ تنوشری دتہ کا کہنا تھا کہ جب وہ گانے کی شوٹنگ کر رہی تھیں تب نانا پاٹیکر نے انہیں نازیبا انداز میں چھوا۔

بعد ازاں تنوشری دتہ نے ایک اور فلم کی شوٹنگ کے دوران فلم ڈائریکٹر پر بھی الزام لگاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ فلم ہدایت کار نے انہیں برہنہ رقص کرنے کے لیے کہا تھا۔

تنوشری دتہ کے ان الزامات کو نانا پاٹیکر اور فلم ڈائریکٹر مسترد کرچکے ہیں، تاہم معاملہ سامنے آںے کے بعد کئی بولی وڈ شخصیات نے تنوشری دتہ کا ساتھ دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر نے جنسی طور پر ہراساں کیا، تنوشری دتہ

لیکن بولی وڈ کی اسکینڈل کوئی کہلائی جانے والی اداکارہ راکھی ساونت نے نانا پاٹیکر اور فلم ‘ہارن اوکے پلیز’ کی دیگر ٹیم کا دفاع کرتے ہوئے تنوشری دتہ کے حوالے سے اہم انکشافات کردیے۔

راکھی ساونت نے تنوشری کے الزامات کو ڈرامہ قرار دیا—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
راکھی ساونت نے تنوشری کے الزامات کو ڈرامہ قرار دیا—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق راکھی ساونت نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انکشاف کیا کہ تنوشری دتہ جس دن کی بات کر رہی ہیں، اس دن وہ نشے میں تھیں۔

راکھی ساونت کے مطابق فلم ‘ہارن اوکے پلیز’ کے ایک آئٹم گانے میں پہلے تنوشری دتہ کو کاسٹ کیا گیا تھا اور اس کے ساتھ ہی شوٹنگ بھی شروع کردی گئی تھی۔

اداکارہ کے مطابق گانے کی شوٹنگ کے دوران تنوشری دتہ نے فلم کی ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کیا، جس کے بعد فلم کی ٹیم نے انہیں آکر شوٹنگ میں حصہ لینے کو کہا۔

راکھی ساونت کے مطابق تنوشری دتہ کو فلم کے گانے ‘نتھنی اتارو‘ کے لیے کاسٹ کیا گیا تھا، تاہم شوٹنگ کے دن انہوں نے بے تحاشہ ڈرگس کا استعمال کر رکھا تھا، جس وجہ سے وہ اپنی وین سے چند گھنٹوں تک باہر نہیں آئیں۔

راکھی ساونت کے مطابق انہیں فلم کے کوریو گرافر اور نانا پاٹیکر نے کہا کہ وہ آکر فلم کے گانے میں پرفارمنس کریں۔

مزید پڑھیں: نانا پاٹیکر نے اداکارہ کو جنسی ہراساں کرنے کے الزامات پر خاموشی توڑ دی

انہوں نے فلم کے کوریو گرافر گنیش اچاریہ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہیں انہوں نے بتایا کہ تنوشری دتہ نے گانے کی ابتدائی شوٹنگ بھی مکمل کروائی۔

تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کے الزامات پر جواب نہیں دیا—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
تنوشری دتہ نے راکھی ساونت کے الزامات پر جواب نہیں دیا—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز

اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ جب وہ شوٹنگ کے لیے وہاں پہنچیں اور فلم کی ٹیم سے معلومات حاصل کیں تو انہوں نے تنوشری دتہ کو وین میں انتہائی زیادہ ڈرگس استعمال کرنے کی وجہ سے بے ہوشی کی حالت میں دیکھا۔

راکھی ساونت نے تنوشری پر الزام عائد کیا کہ وہ اپنے مقاصد کے لیے انگریزی بول کر بولی وڈ پر الزامات لگا رہی ہیں، اگر انہیں کام چاہیے تو وہ الزامات کیوں لگا رہی ہیں۔

راکھی ساونت نے یہ بھی کہا کہ وہ می ٹو مہم کا حصہ نہیں، تاہم تنوشری اس مہم کا میڈیا کے ذریعے غلط استعمال کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: تنوشری دتہ کا نانا پاٹیکر کے بعد ہدایت کار پر بھی ہراساں کرنے کا الزام

خیال رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘ہارن اوکے پلیز‘ میں تنوشری دتہ کو آئٹم گانے ‘نتھنی اتارو‘ میں پرفارمنس کے لیے کاسٹ کیا گیا تھا، تاہم انہوں نے مبینہ طور پر نانا پاٹیکر اور دیگر کاسٹ کی جانب سے نازیبہ رویہ اختیار کرنے پر کام کرنے سے انکار کردیا تھا۔

بعد ازاں اسی گانے میں راکھی ساونت نے پرفارمنس کی تھی۔

تنوشری دتہ نے 10 سال قبل ہی بولی وڈ میں کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور وہ ایک دہائی تک منظر سے غائب تھیں، تاہم اب سامنے آنے کے بعد انہوں نے ماضی میں اپنے ساتھ ہونے والے واقعات شیئر کرنا شروع کیے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024