• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

احتساب عدالت:اسحٰق ڈار کی جائیداد نیلام کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ

شائع October 1, 2018

اسلام آباد: احتساب عدالت نے سابق وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار کی جائیداد نیلام کرنے سے متعلق نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا جسے 2 اکتوبر کو سنایا جائے گا۔

سابق وزیرِ خزانہ کی آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں قرق کی گئی جائیداد کو نیلام کرنے سے متعلق قومی احتساب بیورو (نیب) کی درخواست پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی۔

سماعت کے دوران اسپیشل پراسیکیوٹر نیب عمران شفیق کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحٰق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کر دی گئیں۔

مزید پڑھیں: اسحٰق ڈار جائیداد نیلامی، عدالت نے نوٹس کی تعمیلی رپورٹ طلب کرلی

نیب کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ جائیداد قرق کرنے کے 6 ماہ بعد تک ملزم عدالت سے رجوع کر سکتا ہے، تاہم ملزم کی جانب سے ابھی تک کوئی اعتراض نہیں آیا۔

پراسیکیوٹر نیب کا کہنا تھا جائیداد کی فروخت کے بعد بھی اگر ملزم پیش ہو جائے تو عدالت اس کو حقوق فراہم کر سکتی ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ عدالت اسحٰق ڈار کی قرق شدہ جائیداد نیلام کرنے کا حکم دے، اور جائیداد کی نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جائے گی۔

اسحٰق ڈار کی جائیدادیں

تفصیلات کے مطابق اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کی شراکت میں ٹرسٹس کے لاہور اور اسلام آباد میں مختلف نجی بنکوں میں اکاؤنٹس ہیں۔

علاوہ ازیں اسحٰق ڈار کے لاہور کے علاقے گلبرگ میں ایک گھر اور 4 پلاٹس ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں بھی ان کے 4 پلاٹس ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسحٰق ڈار کو لندن سے بے دخل کرنے کی آن لائن پٹیشن مسترد

اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ کے پاس پاکستان میں 3 لینڈ کروزر گاڑیاں، 2 مرسڈیز اور ایک کرولا گاڑی ہے۔

سابق وزیرِ خزانہ اسحٰق ڈار اور ان کی اہلیہ نے ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار کی سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔

بیرونِ ملک جائیداد کے حوالے سے بتایا گیا کہ اسحٰق ڈار کی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں 3 فلیٹس اور ایک مرسیڈیز گاڑی ہیں، جبکہ بیرون ملک 3 کمپنیوں میں شراکت بھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024