نانا پاٹیکر نے اداکارہ کو جنسی ہراساں کرنے کے الزامات پر خاموشی توڑ دی
ورسٹائل بولی وڈ اداکار، فلم ساز، گلوکار اور لکھاری 67 سالہ نانا پاٹیکر نے 34 سالہ ماڈل و اداکارہ تنوشری دتہ کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات پر خاموشی توڑ دی۔
شادی شدہ اور ایک بچے کے والد نانا پاٹیکر نے خود سے کم 33 سال کم عمر اداکارہ کی جانب سے الزامات لگائے جانے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ یہ کیسے ممکن ہوسکتا ہے کہ میں ایک خاتون کو فلم کے سیٹ پر 50 سے 100 افراد کے سامنے جنسی طور پر ہراساں کروں؟
تنوشری دتہ نے ایک روز قبل ہی بھارتی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران یہ انکشاف کیا تھا کہ نانا پاٹیکر نے انہیں جنسی طور پر فلم کی شوٹنگ کے دوران ہراساں کیا۔
ماڈل و اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ نانا پاٹیکر کا خواتین کے ساتھ رویہ نازیبا ہوتا ہے اور ان کی اس عادت سے اکشے کمار جیسے بڑے بڑے اداکار بھی واقف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نانا پاٹیکر نے جنسی طور پر ہراساں کیا، تنوشری دتہ
تنوشری دتہ نے 2008 کا واقعہ سناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نانا پاٹیکر نے انہیں فلم کی شوٹنگ کے دوران نازیبہ رویے کا نشانہ بنایا۔
تاہم اب نانا پاٹیکر نے تنوشری دتہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر خاموشی توڑتے ہوئے اداکارہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے کا اعلان کردیا۔
بھارتی نیوز چینل ٹائمز ناؤ کے پروگرام ‘مرر ناؤ‘ میں رپورٹر سے بات کرتے ہوئے نانا پاٹیکر نے تعجب کا اظہار کیا کہ وہ کیسے ایک خاتون کو فلم کے سیٹ پر 100 یا 50 افراد کے سامنے ہراساں کرسکتے ہیں؟
نانا پاٹیکر نے بتایا کہ ان کے خلاف لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں، وہ تنوشری دتہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
گفتگو کے دوران نانا پاٹیکر نے سوالات اٹھائے کہ وہ تنوشری دتہ کے الزامات پر کیا کہیں کہ وہ ایسا کیوں کہ رہی ہیں؟
انہوں نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ اداکارہ ایسا کیوں کہہ رہی ہیں اور کیا ان کے کہنے کا مطلب یہ ہے کہ انہوں نے تنوشری کو جنسی طور پر ہراساں کیا؟
ساتھ ہی نانا پاٹیکر نے کہا کہ وہ اداکارہ کے خلاف قانونی مقدمہ کریں گے، علاوہ ازیں وہ میڈیا سے بھی برہم نظر آئے۔
تنوشری دتہ کے مطابق نانا پاٹیکر نے انہیں 2008 میں فلم ‘ہارن: اوکے پلیز’ کی شوٹنگ کے دوران نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: ’نہ تو میں تنوشری دتہ ہوں اور نہ ہی میرا نام نانا پاٹیکر ہے‘
اس کامیڈی فلم میں نانا پاٹیکر نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، اس میں رمی سین اور راکھی ساونت سمیت دیگر اداکارائیں بھی جلوہ گر ہوئی تھیں۔
تنوشری دتہ نے اس فلم میں مرکزی کردار ادا نہیں کیا، اس فلم سے قبل 2005 میں تنوشری دتہ نے فلم ‘عاشق بنایا آپ نے’ سے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
تنوشری دتہ نے 2003 میں مقابلہ حسن ‘مس فیمینا انڈیا’ جیتا تھا، تنوشری دتہ اب تک ڈیڑھ درجن کے قریب فلموں میں جلوہ گر ہوچکی ہیں، جب کہ وہ چند گانوں اور ڈراموں میں بھی جلوہ گر ہوئی ہیں۔
نانا پاٹیکر نے 1978 میں بولی وڈ فلم ‘گمن’ سے کیریئر کا آغاز کیا، انہوں نے 60 سے زائد ہندی، بنگالی، تامل اور تیلگو فلموں سمیت نیپالی فلموں میں بھی کام کیا۔
وہ نہ صرف اداکاری کرتے ہیں، بلکہ انہوں نے فلم کی ہدایات دینے سمیت کچھ فلموں میں گانے بھی گائے اور فلموں کی کہانیاں بھی لکھیں۔
تنوشری دتہ سے قبل نانا پاٹیکر پر کسی بھی اداکارہ نے اتنے سنگین الزامات نہیں لگائے، اس اسکینڈل کو بولی وڈ کا سب سے بڑا اسکینڈل بھی سمجھا جا رہا ہے، کیوں کہ اس سے قبل کسی بھی اداکارہ یا خاتون نے کسی بھی شخص کا نام لے کر ان پر الزام تراشی نہیں کی تھی۔