• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

’منی بجٹ میں عوام کو نہیں بلکہ خان صاحب کی اے ٹی ایم کو ریلیف ملا‘

شائع September 27, 2018

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نئی حکومت کے منی بجٹ میں عوام کو فائدہ نہیں ہوا بلکہ وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اے ٹی ایم کو فائدہ ہوا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ملک میں انصاف اور احتساب لے کر آنا تھا اور وہ خود ہی اس سے بھاگ رہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) اپوزیشن کا حق ہے اور عمران خان اسے بھی چھین رہے ہیں، تاہم ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سے ان کا نظریاتی اختلاف ہے۔

مزید پڑھیں: لیاری میں بلاول بھٹو کی گاڑی پر پتھراؤ

وزیرِ اعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا کہ انہیں کیا ملا۔

منی بجٹ پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں صحت سے متعلق سہولیات فراہم نہیں کی گئیں، حکومت کو ایسا بجٹ پیش کرناچاہیے تھا جس سے عوام خوش ہوتے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمت میں اضافے سے غریب بہت متاثر ہوگا۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ہم نے ضیا الحق اور پرویز مشرف کی جیلیں دیکھی ہیں، عمران خان کی جیل بھی جانے کو تیار ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی حکومت میں صرف انقلابی باتیں کی جارہی ہیں، عوام کی فلاح کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکمران ملک کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم کو اپنے وعدے پر قائم رہنا چاہیے، انہوں نے نئے پاکستان کے دعوے کیے لیکن ابھی تک کچھ نیا نہیں کیا۔

وزیرِ اعظم ہاؤس میں گاڑیوں اور بھینسوں کی نیلامی سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اس نیلامی سے دنیا میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہورہی ہے۔

مزید پڑھیں: سرل المیڈا نے کوئی قانون نہیں توڑا، بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم پہلے روز سے کہہ رہے ہیں کہ حکومت اچھا کام کرے گی تو اس کی تعریف کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ان کی جماعت آل پاکستان نیوزپیرز سوسائٹی کے مؤقف کی حمایت کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزادی صحافت کے معاملے میں مطالبہ کرتے ہیں کہ اس مسئلے پر توجہ دی جائے کیونکہ ماضی کی حکومتوں میں یہ میڈیا اتنا آزاد نہ ہوتا تو عمران خان آج وزیرِ اعظم نہیں ہوتے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کو آزادی اظہارِ رائے کی عزت کرنی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024