• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیر اعظم ہاؤس کی 8 بھینسیں 23 لاکھ روپے میں نیلام

شائع September 27, 2018

وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے جاری سادگی اور کفایت شعاری مہم کے سلسلے میں وزیراعظم ہاؤس کی 8 بھینسوں کی نیلامی کردی گئی۔

عمران خان کی جانب سے وزیر اعظم بننے کے بعد سابق وزیر اعظم کے دور میں خریدی گئی لگژری گاڑیاں فروخت کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ بعد ازاں تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے سابق دور میں لی گئی 8 بھینسوں کی نیلامی کا بھی اعلان کیا تھا۔

اسی سلسلے میں آج (27 ستمبر کو) نیلامی کی گئی اور وزیر اعظم ہاؤس کی 8 بھینسیں 23 لاکھ 2 ہزار روپے میں فروخت ہوگئیں، نیلامی کا یہ عمل بولی لگا کر ہوا اور اس میں زیادہ تر مسلم لیگ(ن) کے کارکنان نے شرکت کی۔

مزید پڑھیں: سادگی مہم: وزیر اعظم ہاؤس کی 102 میں سے 61 گاڑیوں کی نیلامی مکمل

وزیر اعظم ہاؤس کی فی بھینس کی کم از قیمت 2 لاکھ روپے سے زائد رکھی گئی تھی جبکہ پہلی بھینس 3 لاکھ 85 ہزار روپے میں فروخت کی گئی اور جھگی سیداں کے رہائشی قلب علی نے اسے خریدا۔

بھینس خریدار قلب علی کا کہنا تھا کہ بھینس کی اصل قیمت ایک لاکھ 20 ہزار روپے تک ہے لیکن انہوں نے اپنے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی محبت میں اتنی رقم ادا کی۔

انہوں نے کہا کہ بھینس کو سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی نشانی بنا کر رکھیں گے۔

خیال رہے کہ وزیر اعظم ہاؤس کی بھینسوں کی نیلامی کے اعلان پر سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ بھینسوں کو کم قیمت پر بیچا گیا تو نیب کی کارروائی کا خدشہ ہے، اس سے بہتر ہے کہ 5 سال انہیں بھینسوں کا دودھ بیچ کر زیادہ پیسے بنا لیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھینس بیچنے کے بجائے اس کے دودھ سے زیادہ کما سکتے ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ

وزیر اعظم ہاؤس کی گاڑیوں کی نیلامی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ بلٹ پروف گاڑیاں لینے والا کوئی خریدار ہوتو میری 2 ذاتی گاڑیاں بھی فروخت کروا دیں، جو مارکیٹ ریٹ ہو، وہی دلا دیں۔

قبل ازیں ازیں 17 ستمبر کو تحریک انصاف کی سادگی اور کفایت شعاری مہم کے تحت وزیر اعظم ہاؤس کے زیر استعمال 102 گاڑیوں کی نیلامی کے مرحلے میں 61 گاڑیوں کی نیلامی بھی ہوگئی۔

نیلام ہونے والی 61 گاڑیوں سے قومی خزانے کو تقریباً 18 کروڑ روپے کا فائدہ ہوا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024