• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پانی کی قلت: ارسا کا دو بڑے ڈیموں کی تعمیر کا مطالبہ

شائع September 26, 2018

اسلام آباد: انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے ملک بھر میں پانی کے بحران پر قابو پانے کے لیے دو بڑے ڈیموں کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔

ارسا کے مطابق ربیع کی فصل کے موسم کا آغاز یکم اکتوبر سے ہو رہا ہے جس کے لیے پانی کی 35 سے 40 فیصد کمی کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر آپریشنز خالد ادریس رانا کی زیرِ صدارت ارسا کی ٹیکنیکل کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں واپڈا، محکمہ موسمیات اور صوبوں کے نمائندے بھی شریک تھے۔

دورانِ اجلاس تمام اسٹیک ہولڈرز نے کاشتکاری کے موسم کے لیے ملک میں پانی کے موجودہ ذخائر اور اس کی کمی سے متعلق تخمینہ پیش کیا جو کہ 35 سے 40 فیصد کے درمیان ہے۔

خالد ادریس رانا نے ڈان کو بتایا کہ ارسا اب اسٹیک ہولڈرز کے تخمینہ کی بنیاد پر پانی کی اوسط فراہمی سے متعلق کام کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پیر کو مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں اس حوالے سے تجاویز جمع کروائی جائیں گی، تاکہ صوبوں کو پانی کی فراہمی اور تقسیم کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی جاسکے۔

مزید پڑھیں: رواں سال: خشک سالی سے خریف کی فصل متاثر ہونے کا خدشہ

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں پانی کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے، تاہم اگر کسی مغربی لہر کے تحت دسمبر اور جنوری کے درمیان بارش ہو جائے تو پانی کی کمی کچھ حد تک پوری ہو جائے گی۔

خالد ادریس رانا نے کہا کہ ہر سال موسمیاتی تبدیلی کی صورتحال سنگین ہوتی جارہی ہے جس سے حکام کے لیے پانی کی مکمل فراہمی کو یقینی بنانا مشکل ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی مسلسل کمی اور زمینی پانی کے استعمال نے بھی طویل المدتی منفی اثرات مرتب کیے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جب کینال میں پانی کی سطح کم ہوتی ہے تو کسانوں کو فصلوں کو پانی پہنچانے کے لیے ٹیوب ویل کے ذریعے زمین سے پانی نکالنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے علاوہ کم از کم دو بڑے ڈیموں کی ضرورت ہے ورنہ ملک میں پانی کا مسئلہ ہر سال بڑھتا چلا جائے گا۔

ارسا کے اجلاس میں بتایا گیا کہ خریف کے موسم میں ملک بھر میں پانی کی کمی کا تخمینہ 36 فیصد لگایا گیا، تاہم گزشتہ دو ماہ میں ملک بھر میں بارشوں کی وجہ سے پانی کی کمی کم ہو کر 19 فیصد رہ گئی۔

یہ بھی پڑھیں: تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی کم ہوگئی

20 ستمبر کے اعداد و شمار کے مطابق صوبہ سندھ نے پانی کی کمی کا سب سے کم سامنا کیا جو کہ 16 فیصد تھی، جبکہ اس کے پارلیمانی اراکین نے پانی کی کمی اور فصلوں کے نقصان سے متعلق احتجاج بھی کیا تھا۔

پنجاب کو 20 فیصد، خیبر پختونخوا کو 21 فیصد جبکہ بلوچستان کو پانی کی سب سے زیادہ کمی کا سامنا کرنا پڑا جو کہ 44 فیصد تھی۔

ایک عہدیدار نے بتایا کہ سندھ کو پانی کی کمی کا سب سے کم سامنا رہا جبکہ یہ مسئلہ بلوچستان میں زیادہ دیکھنے میں آیا، یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ بلوچستان کے پانی کے ذخائر جزوی طور پر سندھ میں استعمال ہوئے اور اس حوالے سے بلوچستان نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) میں شکایت بھی کی تھی۔


یہ خبر ڈان اخبار میں 26 ستمبر 2018 کو شائع ہوئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Abdulsattar Sep 26, 2018 06:58pm
معززین اگر میری رائے آپ تک پہچ سکے تو اس پر تبصرہ ضرور کرنا سرگودھا جوکہ کینو کے باغ کا گھر ہے اس میں پانی کی شدید قلت ہے کینو سے ملکی برآمد کا بڑا رول ہے

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024