• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

جعلی ڈگری اسکینڈل:شعیب شیخ کا قریبی ساتھی اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار

شائع September 26, 2018
— فوٹو: طاہر نصیر
— فوٹو: طاہر نصیر

جعلی ڈگری اسکینڈل کے مرکزی ملزم شعیب شیخ کے قریبی ساتھی کو نیو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔

ایئرپورٹ حکام کے مطابق ملزم نائیجل برائن ڈنمارک فرار ہونے کی کوشش میں گرفتار ہوا۔

حکام نے کہا کہ امیگریشن کے دوران ملزم کا پاسپورٹ بلیک لسٹ میں درج ہونے کا انکشاف ہوا، جس کے بعد امیگریشن عملے نے ملزم کو گرفتار کر کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل کے حوالے کر دیا۔

ایف آئی اے ذرائع کا کہنا تھا کہ ملزم نائیجل برائن رابیلو بول ٹی وی اور ایگزیکٹ کمپنی کے مالک شعیب شیخ کا قریبی ساتھی ہے، جو جعلی ڈگری کیس میں ایف آئی اے کے سائبر کرائم سیل کو مطلوب تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ نے شعیب شیخ کی درخواست ضمانت سے متعلق اپیل نمٹادی

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی ڈگری اسکینڈل کے مرکزی ملزم شعیب شیخ کو گرفتار کرکے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق 6 جولائی کو اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جعلی ڈگری اسکینڈل میں شعیب شیخ کو 20 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اسی کیس میں شعیب شیخ کے 24 ساتھیوں کو بھی مجرم ٹھہرایا گیا تھا اور انہیں بھی 3 سے 7 سال تک کی سزائیں دی گئی تھیں۔

تاہم شعیب شیخ سزا سنائے جانے کے بعد سے فرار تھے اور انہوں نے خود کو سرینڈر نہیں کیا تھا۔

ایف آئی اے نے بھی گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران ان کی گرفتاری کی کوئی کوشش نہیں کی تھی۔

ذرائع نے کہا کہ ایف آئی اے نے شعیب شیخ کو منگل کو گرفتار کیا جبکہ جمعرات کو سپریم کورٹ میں یہ معاملہ زیر سماعت آئے گا۔

ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے خلاف جعلی ڈگری کے معاملے کی تحقیقات کا 19 مئی 2015 کو آغاز کیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024