• KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am
  • KHI: Fajr 5:58am Sunrise 7:18am
  • LHR: Fajr 5:37am Sunrise 7:03am
  • ISB: Fajr 5:45am Sunrise 7:13am

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم 3 ماہ کی بیٹی کے ہمراہ اقوام متحدہ اجلاس میں شریک

شائع September 25, 2018 اپ ڈیٹ September 26, 2018
— فوٹو : ٹوئٹر
— فوٹو : ٹوئٹر

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا ایرڈرن نے اپنی تین ماہ کی بیٹی کے ہمراہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کر کے ایک نئی تاریخ رقم کردی۔

سی این این کی رپورٹ کے مطابق 38 سالہ جیسنڈا ایرڈرن اقوام متحدہ کے نیلسن منڈیلا امن اجلاس کے دوران ہال میں اپنی بیٹی نیو کو پیار کرتی اور گدگداتی رہیں جس کو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کرلیا۔

جب نیوزی لینڈ کی وزیراعظم اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب کررہیں تھیں اس وقت نیو اپنی والدہ کو دیکھ رہیں تھیں جبکہ اس وقت انہیں وزیراعظم کے شوہر کلارک گفورڈ نے سنبھالا ہوا تھا۔

ٹیلی ویژن شو کے میزبان کلارک گفورڈ نے ٹوئیٹ کیا کہ ’ کاش کہ میں جاپانی وفد کی حیرانی کو کیمرے میں قید کرلیتا جب وہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کے کمرہ اجلاس میں اس وقت آئے جب ایک ڈائپر تبدیل کیا جارہا تھا۔‘

انہوں نے نیو کی اقوام متحدہ کی سفارتی فوٹو آئی کی تصویر بھی شیئر کی جس میں نیو کو ’ نیوزی لینڈ کی فرسٹ بے بی‘ بتایا گیا تھا۔

امریکا کے سابق صدر باراک اوباما کے دورِ صدارت میں اقوام متحدہ میں سابق امریکی مندوب سمانتھا پاور نے ٹوئیٹ کیا کہ ’ میں اس بات پر اصرار نہیں کرسکتی کہ اقوام متحدہ اور اس کے رکن ممالک کو اس سب کی کتنی ضرورت ہے ۔‘

نیوزی لینڈ ہیرالڈ کے مطابق آرڈرن کا کہنا تھا کہ نیو کو جنرل اسمبلی میں لے جانا ایک پریکٹیکل فیصلہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’ نیوزی لینڈ میں زیادہ تر وقت نیو مجھ سے قریب ہوتی ہیں اور ہم انہیں ہر وقت گود میں اٹھائے نہیں رکھتے ، لیکن یہاں ، جب وہ جاگ جاتی ہیں تو میرے ساتھ ہوتی ہیں۔‘

مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کے ہاں بچے کی پیدائش

خیال رہے کہ جیسنڈا ایرڈن کے ہاں رواں برس 21 جون کو بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی ، جس کے بعد وہ وزارت عظمیٰ کے عہدے پر براجمان رہتے ہوئے بچے کو جنم دینے والی دنیا کی دوسری خاتون بن گئی ہیں۔

اس سے قبل 28 برس پہلے 1990 میں پاکستان کی سابق اور پہلی خاتون وزیر اعظم بے نظیر بھٹو نے عہدے پر براجمان رہتے ہوئے بچے کو جنم دیا تھا۔

بے نظیر بھٹو نے 1990 میں بڑی بیٹی بختاور بھٹو کو جنم دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم اور پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو میں ایک فرق یہ ہے کہ جیسنڈا ایرڈرن نے تاحال باضابطہ طور پر شادی نہیں کی اور شادی سے پہلے ہی بچے کو جنم دیا، تاہم وہ اپنے پارٹنر سے جلد شادی کا ارادہ رکھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بینظیرکے بعد پہلی بارخاتون وزیراعظم بچے کو جنم دیں گی

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا ایرڈرن کے ٹیلی وژن پروڈیوسر کلارک گفورڈ سے دیرینہ تعلقات ہیں اور وہ مستقبل میں شادی کرنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

اگرچہ دونوں نے باضابطہ طور پر شادی نہیں کی، تاہم دونوں ایک ساتھ سرکاری رہائش گاہ یعنی نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم ہاؤس میں رہتے ہیں۔

جیسنڈا ایرڈرن نے بچی کی پیدائش کی اطلاع دیتے ہوئے اپنے انسٹاگرام پر پارٹنر کلارک گفورڈ اور نوزائیدہ بچی کی تصویر شیئر کی اور کہا کہ وہ ماں بننے کے بعد خود کو سب سے زیادہ خوش قسمت محسوس کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں : نیوزی لینڈ کی وزیراعظم پر عوام کے پیسوں سے طیارے پر سفر کرنے کا الزام

رواں برس جنوری میں انہوں نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنے حاملہ ہونے کی خبر عوام کو بتاتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ان کے ہاں جون میں بچے کی پیدائش ہوگی اور وہ اس دوران 6 ہفتوں کی چھٹیاں لیں گی۔

حمل کے دوران بھی جیسنڈا ایرڈرن اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت کرنے سمیت اپنی دیگر ذمہ داریاں نبھاتی رہیں اور حمل کے دوران بھی وہ اپنی تصاویر انسٹاگرام پر شیئر کرتی رہی تھیں۔

واضح رہے کہ جیسنڈا ایرڈرن نے 19 اکتوبر 2017 کو نیوزی لینڈ کی نوجوان ترین خاتون وزیراعظم کا عہدہ سنبھالا تھا۔

وہ نیوزی لینڈ کی 150 سالہ تاریخ میں تیسری خاتون وزیر اعظم ہیں، جب کہ وہ اس وقت حکومت کی سربراہی کرنے والی دنیا کی واحد نوجوان ترین خاتون بھی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 9 جنوری 2025
کارٹون : 8 جنوری 2025