پرویز مشرف جہاں اتریں گے انہیں سیکیورٹی دیں گے، چیف جسٹس
سپریم کورٹ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے فارم ہاؤس کی سیل ختم کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے ان کی سفری تفصیلات طلب کرلیں۔
چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں این آر او کیس سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں پرویزمشرف کہاں ہیں وہ پاکستان آتے کیوں نہیں؟ ان کے خلاف آرٹیکل 6 کا مقدمہ درج ہے۔
مزید پڑھیں: این آر او کو قانون بنانے میں میرا کوئی کردار نہیں، آصف زرداری
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پرویز مشرف یہاں سے ریڑھ کی ہڈی میں درد کا بہانہ کرکے نکل گئے جبکہ وہاں جا کر ڈانس کرتے ہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ وہ وہاں ڈانس پارٹی میں شرکت کرتے ہیں کیا ان کے لیے قانون مختلف ہے؟
اس پر وکیل نے کہا کہ پرویز مشرف کو پاکستان آنے سے پہلے سیکیورٹی چاہیے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ پرویز مشرف جس صوبے میں لینڈ کریں گے وہاں کے ڈی جی رینجرز انہیں سیکیورٹی دیں گے اور اس سیکیورٹی کی نگرانی بھی وہی کریں گے اور اگر چاہیں تو ایک پوری برگیڈ دے دیں گے۔
انہوں نے کہا پرویز مشرف کو سی ایم ایچ یا آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی (اے ایف آئی سی ) ہسپتال سے ان کی مرضی کا ڈاکٹر دیا جائے گا اور پاکستان کے بہترین ماہرین سے ان کا معائنہ کروائیں گے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جب وہ وطن واپس آئیں گے تو چک شہزاد فارم ہاؤس کی سیل ختم کردیں گے۔
عدالت میں وکیل نے بتایا کہ پرویز مشرف عدالتوں کی عزت کرتے ہیں ، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ رویے سے پتا چلتا ہے، باتوں سے نہیں، یہ تاثر غلط ہے کہ ہم نے ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے ہٹایا۔
دوران سماعت وکیل اختر شاہ نے پرویز مشرف اور اہلیہ کی جائیداد کی تفصیل پیش کیں، جس میں بتایا گیا کہ پرویز مشرف کی پاکستان میں کوئی جائیداد نہیں، دبئی میں 54 لاکھ درہم کا فلیٹ ہے جبکہ چک شہزاد میں موجود فارم ہاؤس ان کی اہلیہ کے نام ہے اور یہ 5 سے 6 ایکڑ پر مشتمل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’این آر او انتقامی سیاست کے خاتمے کے لیے بنایا تھا‘
اس پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پرویز مشرف کے چک شہزاد فارم ہاؤس کی قیمت اتنی کم کیوں لکھی؟ کیا اسے 4 کروڑ میں بیچیں گے؟
سماعت کے دوران چیف جسٹس کی جانب سے پرویز مشرف کی واپسی سے متعلق دوبارہ استفسار پر وکیل کی جانب سے مہلت طلب کی گئی، جس پر سپریم کورٹ نے ایک ہفتے میں پرویز مشرف کی سفری تفصیلات طلب کرلیں۔