• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بل کوسبی کو سزا سنائے جانے سے متعلق سماعتوں کا آغاز

شائع September 25, 2018
سیاہ فام کامیڈین نے 1960 میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: اے پی
سیاہ فام کامیڈین نے 1960 میں کیریئر کا آغاز کیا—فوٹو: اے پی

ہولی وڈ کامیڈین، میزبان، پروڈیوسر و ڈائریکٹر 80 سالہ بل کوسبی کو جنسی جرائم اور ‘ریپ’ کے مقدمات کے تحت سزا سنائے جانے کے حوالے سے سماعتوں کا آغاز ہوگیا۔

خیال رہے کہ بل کوسبی کو رواں برس اپریل میں امریکی ریاست پنسلوانیہ کی مقامی عدالت نے کینیڈین باسکٹ بال کی کھلاڑی آندریا کونسٹائڈ کو ’ریپ‘ کا نشانہ بنانے کے کیس میں مجرم قرار دیا تھا۔

ان پر الزام تھا کہ انہوں نے 2004 میں کینیڈین باسکٹ بال کی خاتون کھلاڑی آندریا کونسٹائڈ کو نشہ دینے کے بعد ’ریپ‘ کا نشانہ بنایا۔

بل کوسبی کے خلاف اسی مقدمے کے علاوہ کم سے کم 60 خواتین و اداکاراؤں نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ‘ریپ’ کا نشانہ بنائے جانے کے الزام عائد کر رکھے ہیں۔

ان کے خلاف سب سے پہلے 3 سال قبل 2015 کو خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ‘ریپ’ کرنے کے مقدمے کا آغاز ہوا، ان کے خلاف متعدد سماعتیں بھی ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہل کوسبی کی جانب سے جنسی تعلق کے بدلے پیسے دیے جانے کا انکشاف

ایک موقع پر عدالت نے ان پر فرد جرم بھی عائد کی تھی، تاہم بعد ازاں 2017 میں حیران کن طور پر انہیں اسی کیس سے جڑے متعدد معاملات میں بڑی کرکے مقدمے کو بند کردیا گیا تھا۔

تاہم اب ہولی وڈ سمیت دنیا بھر میں خواتین و اداکاراؤں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے کے خلاف شروع ہونے والی ‘می ٹو’ اور ‘ٹائمز اپ’ مہم کے بعد ان کے اسی مقدمے کا دوبارہ آغاز کیا گیا، جس کی پہلی سماعت رواں ماہ 10 اپریل کو ہوئی تھی۔

سماعت کے بعد 27 اپریل کو عدالت نے انہیں ‘ریپ’ کا مجرم قرار دیا تھا اور بعد ازاں 30 اپریل کو انہیں گھر میں ہی نظر بند کردیا گیا تھا۔

اب انہیں اسی مقدمے میں سزا سنائے جانے کے حوالے سے 2 دن کی سماعتوں کا آغاز ہوا۔

مزید پڑھیں: ہولی وڈ اداکار بل کوسبی ’ریپ‘ کے مجرم قرار

خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ (اے پی) کے مطابق بل کوسبی کو سزا سنائے جانے کے حوالے سے ریاست میری لینڈ کی مونٹگمری کاؤنٹی کی عدالت میں سماعتوں کا آغاز ہوا، جس میں اداکار اور ان کے خلاف الزامات لگانے والی باسکٹ بال کھلاڑی بھی پیش ہوئیں۔

2 دن تک جاری رہنے والی سماعتوں میں عدالت بل کوسبی کو سزا سنائے جانے کے حوالے سے اپنا فیصلہ سنائے گی۔

خبر رساں ادارے نے بتایا کہ بل کوسبی کے خلاف کیس لڑنے والے وکیل نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اداکار کو متعدد خواتین کے ساتھ ریپ اور جنسی جرائم کرنے کے جرم میں کم سے کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 10 سال جیل قید کی سزا سنائی جائے۔

متاثرہ خواتین کا مقدمہ لڑنے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بل کوسبی نے کئی سالوں تک خواتین کو منشیات دینے کے بعد ان کا جنسی استحصال کیا۔

تاہم بل کوسبی کے وکیل نے عدالت کو اپنے مؤکل کے عمر رسیدہ ہونے کے دلائل دیے اور انہیں کم سے کم سزا سنانے یا جیل قید کی سزا کو معاف کرنے کی استدعا کی۔

یہ بھی پڑھیں: ’ریپ‘ کے مقدمے میں بل کوسبی نظربند

اداکار کا دفاع کرنے والے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے مؤکل انتہائی عمر رسیدہ اور کمزور ہیں اور وہ جیل میں وقت گزارنے کے قابل نہیں۔

خیال کیا جا رہا ہے کہ بل کوسبی کو کم سے کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 30 سال قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

80 سالہ بل کوسبی نے 1960 کی دہائی میں کیریئر کی شروعات کی، انہوں نے 1980 کے بعد ‘دی کوسبی شو’ کے نام سے مقبول ٹاکنگ شو شروع کیا، جس میں کئی خواتین و اداکارائیں شامل ہوئیں۔

بل کوسبی کے خلاف اسی پروگرام میں شامل ہونے والی کئی خواتین نے بھی جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ‘ریپ’ کا الزام لگایا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024