• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

قیصر نظامانی این اے 247 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار

شائع September 24, 2018
قیصر خان نظامانی پہلے بھی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں—فوٹو: فیس بک
قیصر خان نظامانی پہلے بھی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں—فوٹو: فیس بک

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی نے صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 کی نشست خالی ہونے پر ضمنی انتخابات میں معروف اداکار قیصر خان نظامانی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

خیال رہے کہ رواں برس 24 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں این اے 247 سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عارف علوی جیتے تھے۔

اس حلقے میں عارف علوی کا پیپلز پارٹی،متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان، پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) اور پاکستان مسلم لیگ ن (پی ایم ایل این) کے امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 22 امیدواروں سے مقابلہ ہوا تھا۔

عارف علوی کے مقابلے میں ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل، فوزیہ قصوری، عبدالعزیز میمن اور جماعت اسلامی (جے آئی) محمد حسین محنتی میدان میں اترے تھے۔

عارف علوی نے 91 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم بعد ازاں حکمراں جماعت نے انہیں صدر مملکت بنایا، جس وجہ سے انہیں اپنی جیتی ہوئی سیٹ چھوڑنی پڑی۔

یہ بھی پڑھیں: انتخابات لڑنے والے گلوکار، اداکار اور ماڈل

اب اسی سیٹ پر ضمنی انتخابات ہوں گے، جس کے لیے سیاسی جماعتوں نے اپنا کام شروع کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق اس حلقے سے اس بار پیپلز پارٹی نے کسی منجھے ہوئے سیاستدان کے بجائے معروف اداکار قیصر خان نظامانی کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کرلیا۔

قیصر نظامانی کی اہلیہ فضیلا قاضی بھی معروف اداکارہ و میزبان ہیں—فوٹو: اسٹائل پے کی
قیصر نظامانی کی اہلیہ فضیلا قاضی بھی معروف اداکارہ و میزبان ہیں—فوٹو: اسٹائل پے کی

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی قیصر نظامانی کو ٹکٹ دینے کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد انہیں ٹکٹ جاری کردیا گیا۔

اس حلقے سے دیگر سیاسی جماعتوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان نہیں کیا، تاہم امکان ہے کہ جلد ہی دیگر جماعتیں بھی اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کریں گی۔

قیصر خان نظامانی اس سے قبل 2002 میں بھی پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر انتخابات لڑ چکے ہیں، تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی۔

قیصر نظامانی سمیت دیگر کئی اداکار و گلوکار پیپلز پارٹی کے کلچر ونگ کا حصہ ہیں، حالیہ انتخابات میں بھی پی پی نے ایوب کھوسو اور ساجد حسین سمیت دیگر اداکاروں کو انتخابی میدان میں اتارا تھا۔

مزید پڑھیں: انتخابات میں شکست کھانے والے اداکار و گلوکار

قیصر نظامانی نے 1990 میں اداکاری کی شروعات کی، ان کا شمار ملک کے معروف اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے اداکاری کے ابتدائی سالوں میں ہی معروف اداکارہ فضیلا قاضی سے شادی کی تھی۔

دونوں نے متعدد اردو اور سندھی ڈراموں میں ایک ساتھ کام بھی کیا ہے اور دونوں کی جوڑی کو نہ صرف ڈراموں بلکہ حقیقی زندگی کی بھی بہترین جوڑی قرار دیا جاتا ہے۔

دونوں کی جوڑی کو سراہا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام
دونوں کی جوڑی کو سراہا جاتا ہے—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024