• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت، مزید 3 کشمیری جاں بحق

شائع September 24, 2018

سری نگر: بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی فوج کا ریاستی جبر جاری ہے اور حالیہ واقعے میں مزید 3 کشمیری نوجوانوں کو قتل کردیا گیا، جس کے بعد 24 گھنٹوں میں جاں بحق کشمیریوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے علاقے تنگ دھر میں پیر کی صبح آپریشن کیا، اس دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو قتل کردیا گیا جبکہ اتوار کو ہونے والے سرچ آپریشن میں 2 نوجوانوں کو قتل کیا گیا تھا۔

قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے کے دوران بھارتی فوجی ہلاک ہوا تھا، جبکہ بھارتی فوج کا کہنا تھا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے۔

مزید پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا ریاستی جبر جاری، مزید ایک کشمیری جاں بحق

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج نے جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع پلواما میں ٹرال کے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تھا اور ایک کشمیری نوجوان کو قتل کردیا تھا۔

سرچ آپریشن میں بھارتی فوج نے علاقے کا گھیراؤ کیا اور چادر اور چار دیواری کے تقدس بھی پامال کیا تھا۔

بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران گھروں کو بھی گرایا تھا جبکہ اس دوران نہتے کشمیری نوجوانوں کی مزاحمت پر بھارتی فوج نے فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے تھے۔

یہ بھی یاد رہے کہ تین روز قبل بھارتی فورسز کی جانب سے جاری سرچ آپریشن میں ضلع بانڈی پورہ کے علاقے میں 2 کشمیری نوجوان جاں بحق ہوگئے تھے۔

علاوہ ازیں بھارتی فورسز نے ضلع شوپیاں کے علاقے سے دو نوجوانوں کو گرفتار بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کا بڑا آپریشن، گھر گھر تلاشی

کشمیر میں بھارت کی بدترین ریاستی دہشت گردی پر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا تھا کہ بھارت نے کشمیر کو ایک خوفناک جنگ کا میدان بنا دیا ہے۔

حریت رہنما نے کہا تھا کہ دہائیوں سے جاری مسئلہ کشمیر پر بھارت کی ضدی سوچ نے اسے ایک خوفناک جنگ کے میدان میں تبدیل کردیا ہے۔

انہوں نے بھارتی فوج کے ہاتھوں جاں بحق ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا تھا اور کہا تھا کہ’ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو انصاف دلانے کے لیے اپنی آواز بلند کر رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024