• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

نیہا دھوپیا نے 6 ماہ تک حمل خفیہ رکھنے کا راز بتادیا

شائع September 22, 2018
اداکارہ کے ہاں نومبر تک بچے کی پیدائش کا امکان ہے—فوٹو: نیہا دھوپیا انسٹاگرام
اداکارہ کے ہاں نومبر تک بچے کی پیدائش کا امکان ہے—فوٹو: نیہا دھوپیا انسٹاگرام

بولی وڈ اداکارہ نیہا دھوپیا نے جہاں رواں برس 10 مئی کو ساتھی اداکار انگت بیدی سے اچانک شادی کرکے سب کو حیران کیا تھا۔

وہیں انہوں نے رواں برس25 اگست کو اپنے حمل سے ہونے کی خبر دے کر ایک بار پھر سب کو حیران کردیا تھا۔

اگرچہ ان کے حاملہ ہونے کی خبریں اس وقت سے گردش میں تھیں، جس دن انہوں نے اچانک شادی کی تھی، تاہم وہ ان سے انکار کرتی آ رہی تھیں۔

اچانک شادی کے بعد بار بار ان کے حمل سے ہونے کی خبریں سامنے آئیں، یہاں تک یہ خبریں بھی سامنے آئیں کہ انہوں نے اسی لیے ہی اچانک شادی کی ہے، کیوں کہ وہ حمل سے ہوگئی تھیں۔

تاہم ہر بار انہوں نے اور ان کے شوہر نے ایسی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا، جب بھی ایسی صورتحال ہوگی وہ خود میڈیا کو مطلع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: نیہا دھوپیا کی ‘حمل’ کے ساتھ فیشن شو میں کیٹ واک

یوں گزشتہ ماہ 25 اگست کو جوڑے نے سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں کو بتایا کہ ان کے ہاں جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔

حمل ٹھہرنے کے بعد نیہا دھوپیا نہ صرف لیکمے فیشن شو میں جلوے بکھیرتی نظر آئیں، بلکہ انہوں نے اپنے دیگر کام بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے حمل کے ساتھ لیکمے فیشن شو میں کیٹ واک بھی کی تھی—فوٹو: نہیا دھوپیا انسٹاگرام
انہوں نے حمل کے ساتھ لیکمے فیشن شو میں کیٹ واک بھی کی تھی—فوٹو: نہیا دھوپیا انسٹاگرام

ساتھ ہی انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا ہے کہ وہ حمل کے 8 ویں ماہ تک کام جاری رکھیں گی۔

لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ اداکارہ نے اپنے حمل کی خبر 6 ماہ تک خفیہ رکھی اور بڑی مہارت سے اپنے بے بی بمپ کو بھی چھپائے رکھا۔

لیکن اب انہوں نے خود ہی اس راز کو عیاں کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے حمل کی خبر 6 ماہ تک خفیہ رکھی۔

نشریاتی ادارے ‘مڈ ڈے’ سے بات کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ انہوں نے ایک خوف کی وجہ سے اپنے امید سے ہونے کی خبر راز میں رکھی۔

نیہا دھوپیا کے مطابق وہ اپنے امید سے ہونے کی خبر سب کو بتاکر بے روزگار ہونا نہیں چاہتی تھیں، کیوں کہ انہیں پتہ ہے کہ ایسی صورتحال کے بعد خواتین کو کوئی کام نہیں دیتا اور یہ سمجھا جاتا ہے کہ اب اس سے کام نہیں ہوگا۔

اداکارہ کے مطابق وہ نہیں چاہتی تھیں کہ حمل ٹھہرنے کے بعد ان کے بارے میں لوگوں کے تاثرات تبدیل ہوں اور وہ ایسی صورتحال میں بھی کام کرنے کی خواہاں تھیں، اس لیے انہوں نے اس بات کو خفیہ رکھا۔

نیہا دھوپیا کے مطابق حمل کے 6 ماہ گزر جانے کے باوجود ان میں اچھی خاصی انرجی تھی اور وہ اس طاقت سے فائدہ اٹھاکر کام کو برقرار رکھنا چاہتی ہیں۔

مزید پڑھیں: نیہا دھوپیا ‘حمل’ کے 8 ویں ماہ تک کام کے لیے پر عزم

اداکارہ نے بتایا کہ جو خواتین حمل کے دوران آرام کرتی ہیں، وہ انہیں عزت کی نگاہ سے دیکھتی ہیں، تاہم وہ اس صورتحال میں بھی کام کو ترجیح دیں گی۔

نیہا دھوپیا کے مطابق سب لوگ ان کا خیال رکھتے ہیں جب کہ ان کے شوہر کو بھی ایسی صورتحال میں ان کے کام کرنے سے کوئی اعتراض نہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ اور ان کے شوہر اس دن کا انتظار کر رہے ہیں، جب وہ والدین بنیں گے۔

خیال رہے کہ اداکارہ کے ہاں رواں برس نومبر تک بچے کی پیدائش کا امکان ہے۔

اداکارہ حمل کے ساتھ مختلف فیشن ڈیزائنر کی ملبوسات کی تشہیر میں بھی مصروف ہیں—فوٹو: نیہا دھوپیا انسٹاگرام
اداکارہ حمل کے ساتھ مختلف فیشن ڈیزائنر کی ملبوسات کی تشہیر میں بھی مصروف ہیں—فوٹو: نیہا دھوپیا انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024