• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:03pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:28pm

’سی پیک میں سعودی عرب کو شامل کرنے کیلئے چین کو بھی اعتماد میں لیا‘

شائع September 21, 2018

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہدرای (سی پیک) منصوبے میں سعودی عرب کو بطور اسٹریٹیجک پارٹنر شامل کرنے کے لیے چین کو بھی اعتماد میں لیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال کے سوال پر کیا جس میں انہوں نے سوال کیا تھا کہ کیا سعودی عرب کو اس منصوبے میں شامل کرنے سے قبل چین کو اعتماد میں لیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ سی پیک دو ممالک کے درمیان ایک منصوبہ ہے جس میں کسی تیسرے فریق کو شامل کرنے پر دونوں ممالک کی رضامندی ہونا ضروری ہے۔

اس ٹوئٹ کے جواب میں وزیرِاطلاعات فواد چوہدری نے بھی ٹوئٹ کیا اور کہا کہ ’سعودی عرب کو سی پیک میں شامل کرنے سے متعلق چین کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کا سعودی عرب کو سی پیک میں ’تیسرا شراکت دار‘ بنانے کا اعلان

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سی پیک کی وسعت پاکستان اور چین دونوں کے مفاد میں ہے۔

فواد چوہدری نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ’اس خطے میں پاکستان معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہوگا، اب اندھیروں کا دور ختم ہوچکا ہے‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بتایا تھا کہ پاکستان نے سی پیک منصوبے میں سعودی عرب کو شمولیت کی دعوت دے دی۔

وفاقی دارالحکومت میں وزیرِاعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اطلاعات نے کہا تھا کہ ان کی اس پریس کانفرنس کا مقصد عوام کو اعتماد میں لینا ہے۔

وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان نے سی پیک میں شمولیت کے لیے سعودی عرب کو دعوت دے دی ہے اور ریاض اس منصوبے میں پاکستان کا تیسرا پارٹنر ہوگا۔

انہوں نے مزید بتایا تھا کہ آئندہ ہفتے سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان آئے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کیے جائیں گے۔

تبصرے (1) بند ہیں

کاشف حیدر Sep 22, 2018 12:35am
گیس کے کسی منصوبے پر بھی کام کرلیں۔ کیونکہ اب'قطر' سے ایل این جی لینے پر 'دوست' ملک 'اعتراض' کر سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2024
کارٹون : 24 دسمبر 2024