• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بھارت پھر مکر گیا، وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ

شائع September 21, 2018

اقوام متحدہ کے اجلاس کی سائڈ لائنز پر پاک-بھارت وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات کی حامی بھرنے کے فوری بعد بھارت نے ملاقات منسوخ کردی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کی بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے درمیان ملاقات مقبوضہ جموں و کشمیر میں 3 پولیس اہلکاروں کی ہلاکت اور کشمیری مجاہد برہان وانی کی تصویر والے پوسٹل اسٹیمپس جاری کیے جانے کے باعث منسوخ کی گئی۔

بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے بیان دیا کہ 'حالیہ واقعات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ پاکستان سے کسی بھی طرح کے مذاکرات بے معنی ہیں'۔

مزید پڑھیں: شاہ محمود قریشی اور سشما سوراج کی ملاقات پر بھارت رضامند

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ روز دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات کے اعلان کے بعد 2 انتہائی مایوس کن معاملات سامنے آئے، جن میں ایک مبینہ طور پر پاکستان سے آنے والے دہشت گردوں کی جانب سے ہمارے 3 سیکیورٹی فورسز کو ہلاک کیے جانے کا معاملہ اور دوسرا مبینہ دہشت گردوں کے 20 پوسٹل اسٹیمپس کی سیریز جاری کرنا شامل ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کی جانب سے تعلقات کے نئے آغاز کے لیے مذاکرات کی تجویز کے پیچھے چھپا اس کا مکروہ ایجنڈا سامنے آگیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کا اصل چہرہ پوری دنیا نے دیکھ لیا ہے'۔

دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کا اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ہم منصب سے ملاقات سے معذرت پر حیرانگی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستان خطے کی بہتری چاہتا ہے، خبر سن کر افسوس ہوا، لگتا ہے کہ پاکستان کا مثبت رویہ بھارت میں سیاست کی نذر ہوگیا‘۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے اس فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت میں آنے والے انتخابات کی تیاری کی جارہی ہے، ہندوستان اپنے خول سے باہر نہیں نکل پارہا ہے۔

واضح رہے پاکستانی اخبار دی نیشن کی رپورٹ کے مطابق پاکستان پوسٹ نے 24 جولائی کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی اور اس کے 2 ساتھیوں کی تصویر والے 20 خصوصی پوسٹ اسٹامپ جاری کیے تھے۔

حریت پسند اور ہندوستانی فوجیوں کے مظالم کے خلاف صرف 15 سال کی عمر میں ہتھیار اٹھانے والے برہان مظفر وانی کو بھارتی فوج نے 2017 میں قتل کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا مودی کو خط، باقاعدہ مذاکرات شروع کرنے پر زور

پاکستان پوسٹ کی جانب سے اسٹامپ عام انتخابات سے ایک روز قبل شائع کیے گئے تھے تاہم اس معاملے کو بھارتی میڈیا کی جانب سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹھایا گیا۔

گزشتہ روز بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا تھا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کی سائڈ لائن میں باہمی طور پر طے کردہ تاریخ اور وقت پر ہوگی۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'ہم نے ابھی ملاقات کا ایجنڈا طے نہیں کیا، صرف ملاقات پر رضامندی ظاہر کی ہے'۔

خیال رہے کہ اس ملاقات کی درخواست وزیر اعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی جانب سے بھارتی حکام کو 2 علیحدہ خطوط میں کی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024