• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

پاکستان کا سعودی عرب کو سی پیک میں ’تیسرا شراکت دار‘ بنانے کا اعلان

شائع September 20, 2018 اپ ڈیٹ September 21, 2018

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) میں سعودی عرب کو شمولیت کی دعوت دے دی۔

وفاقی دارالحکومت میں وزیرِاعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ ان کی اس پریس کانفرنس کا مقصد عوام کو اعتماد میں لینا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں روضہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم پر وزیرِ اعظم اور ان کے وفد نے حاضری دی، اور مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کی جبکہ عمران خان نے بیت اللہ کے اندر بھی نوافل ادا کیے۔

وزیرِ اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان نے سی پیک میں شمولیت کے لیے سعودی عرب کو دعوت دے دی ہے اور ریاض اس منصوبے میں پاکستان کا تیسرا پارٹنر ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ ہفتے میں سعودی عرب کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان آئے گا اور دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کیے جائیں گے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی قیادت میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے، اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں نئی گرم جوشی پیدا ہوئی، جبکہ سعودی فرمانروا کی تجویزپراعلیٰ سطح کی مشاورتی کمیٹی قائم کی گئی۔

یو اے ای کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان بھی بہت قریبی تعلقات ہیں، اور آئندہ ماہ کے دوران ہی اماراتی وفد بھی اسلام آباد پہنچے گا، جہاں دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے کیے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ یو اے ای نے کراچی میں پانی کے منصوبے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس حوالے سے بہت جلد دونوں ممالک شہر قائد میں پانی کی فراہمی سے متعلق بات چیت کا آغاز کریں گے۔

نواز شریف جیل آتے جاتے رہیں گے، فواد چوہدری

وزیرِ اعظم نواز شریف کی رہائی کے حوالے سے وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم جیل آتے جاتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیرِاعظم، ان کی صاحبزادی اور داماد کی ضمانت ہوئی ہے ان پر کیس ختم نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ان نوازشریف، مریم نواز سے عمران خان یا پی ٹی آئی کی ذاتی لڑائی نہیں ہے، بلکہ ملک کی لوٹی ہوئی دولت کی لڑائی ہے اور یہ پیسہ عوام کا ہے جسے واپس لایا جائے گا۔

عدالتی فیصلے پر تبصرے کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اگر فیصلہ ان کے حق میں آئے تو کہتے ہیں عدالتیں ٹھیک کام کر رہی ہیں، اگر خلاف آئے تو کہتے ہیں کہ عدالتیں ٹھیک کام نہیں کر رہیں۔ انہیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ عدالتیں ٹھیک ہیں یا نہیں‘۔

انہوں نے واضح کیا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو پاکستان سے باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ اسحٰق ڈار، حسین نواز اور حسن نواز کو باہر رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان حکومت کو بہت جلد سوئٹزر لینڈ میں موجود پاکستان کے بینک اکاؤنٹس تک بہت جلد رسائی مل جائے گی، تب یہ معلوم ہوجائے گا کہ وہاں پاکستانیوں کے کتنے پیسے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نواز شریف کو نہ ڈیل ملے گی اور نہ ہی ڈھیل ملے گی۔

پاکستان، بھارت کے ساتھ معاشی تعلقات کا خواہشمند

فواد چوہدری نے پریس بریفنگ کے دوران بھارت سمیت ایران اور افغانستان کے ساتھ بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ معاشی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کے ساتھ تجارت کی جائے اور پاکستان کے ذریعے افغانستان تجارت کا راستہ کھول دیا جائے تو اس کا براہِ راست اثر سی پیک پر پڑے گا اور یہ ایک ایسا منصوبہ ہے جو پاکستانیوں کی قسمت بدل دے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کا حل عسکری نہیں بلکہ سیاسی نوعیت کا ہے اور اس پر مذاکرات ہونے چاہیئں جبکہ پاکستان مستحکم افغانستان کا خواہاں ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024