• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

چینی کمپنی کی بلوچستان کے معدنی وسائل کو ترقی دینے کی پیشکش

شائع September 20, 2018
وزیراعلیٰ بلوچستان سے چینی کمپنی ایم ایم سی کے وفد نے ملاقات کی—فوٹو: بشکریہ پریس سیکریٹری بلوچستان ٹوئٹر
وزیراعلیٰ بلوچستان سے چینی کمپنی ایم ایم سی کے وفد نے ملاقات کی—فوٹو: بشکریہ پریس سیکریٹری بلوچستان ٹوئٹر

کوئٹہ: چینی ریسرچ اور سرمایہ کار کمپنی (ایم سی سی) ٹونگسِن ریسورس لمیٹڈ نے بلوچستان کے معدنی وسائل کو ترقی دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام میر کمال خان علیانی سے ہونے والی ایک ملاقات میں کمپنی کے صدر وینگ جِنچینگ نے صوبے کے قدرتی وسائل دریافت کرنے کی پیشکش کی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کی کمپنی کا انضمام سینڈک منصوبے پر کام کرنے والی کمپنی کے ساتھ ہوگیا ہے، اور انہوں نے صوبائی حکومت سے سینڈک منصوبے میں توسیع کرنے کی اجازت طلب کی جس سے نہ صرف صوبے کی معیشت بہتر ہوگی بلکہ مقامی لوگوں کو روزگار بھی ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ریکوڈک کا مسئلہ حل کرنے کی کوشش کریں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کمپنی متعدد ممالک میں معدنی ذخائر کی تلاش کا کام کررہی ہے اور دنیا بھر میں 50 ارب ڈالر مالیت کے اثاثوں کی مالک ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم سی سی چینی حکومت کو تجویز دے گی کہ معدنی پارک کے قیام میں بلوچستان کو بھی شامل کیا جائے، اس کے ساتھ انہوں نے صوبے کے محکمہ معدنی وسائل کو ڈیٹا بیس بنانے میں معاونت فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے بلوچستان کے معدنی ذخائر میں دلچسپی لینے پر چینی کمپنی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ فروغ پا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ’پاکستان میں تیل، گیس کے ذخائر کئی گنا زیادہ‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام ترقیاتی کاموں میں تعاون کرنے پر چینی حکومت کے کوششوں کو سراہتے ہیں، بدقسمتی سے معدنی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود اس شعبے کو مناسب منصوبہ بندی نہ ہونے کے سبب قدرتی وسائل دریافت کرنے اور انہیں ترقی دینے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کا مزید کہنا تھا کہ چینی کمپنی کو بلوچستان کے معدنی وسائل کی ترقی کے حوالے سے موثر منصوبہ بندی ضرور پیش کرنی چاہیے اس کے ساتھ انہوں نے ایم ایم سی کو یقین دہانی کروائی کہ ان کی حکومت اس سلسلے میں بھرپور تعاون کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: سینڈک منصوبہ صوبائی حکومت کے حوالے کرنے کا فیصلہ

دوسری جانب صوبے میں چینی کمپنیوں اور انجینئروں کی سیکیورٹی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا مقررہ راستہ محفوظ ہے کیوں کہ پاک فوج، ایف سی، پولیس اور لیویز سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے سی پیک منصوبوں کی حفاظت کررہے ہیں۔


یہ خبر 20 ستمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024