بھارت: 7 سالہ لڑکی کا ریپ، ملزم گرفتار
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے شاہدرا سیما پوری میں 7 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے واقع میں ملوث 21 سالہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ گزشتہ رات پیش آیا تھا، متاثرہ لڑکی کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی کو پڑوسی نے ریپ کا نشانہ بنایا۔
واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے لڑکی کی والدہ نے بتایا کہ ان کی بیٹی رات تقریبا ساڑھے 10 بجے مکان کے باہر کھیل رہی تھی کہ ملزم نے اسے قریبی جھاڑیوں میں لے جا کر ریپ کا نشانہ بنایا۔
مزید پڑھیں: بھارت: 13 سالہ بیٹی کے 'ریپ' کا الزام، باپ گرفتار
سینئر پولیس افسر کا کہنا تھا کہ خاتون نے بتایا کہ جب ان کی بیٹی واپس آئی تو لڑکی کے جسم کے مختلف حصوں سے خون بہہ رہا تھا اور والدہ کے پوچھنے پر لڑکی نے اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعہ کی تفصیلات بتائیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ لڑکی کی والدہ کی شکایت پر ملزم کے خلاف سیما پوری تھانے میں پی او سی ایس او ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بعد ازاں دہلی کمیشن برائے خواتین (ڈی سی ڈبلیو) کی چیئرمین سواتی مالیوال نے مذکورہ واقعہ کے حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ بھی کیا۔
انہوں نے ٹوئٹر پیغام میں الزام لگایا کہ ملزم لڑکی کو پارک لے گیا اور وہاں اس کے حساس مقامات میں پانی کا پائپ داخل کیا اور بعد ازاں ریپ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: ریپ کے باعث 13 سالہ دلت لڑکی ہلاک
تاہم پولیس کا کہنا تھا کہ لیڈی ڈاکٹر نے لڑکی کا طبی معائنہ کرنے کے بعد بتایا کہ لڑکی کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اس کے حساس مقامات میں کسی چیز کے داخل کیے جانے کے شواہد نہیں ملے۔
یاد رہے کہ واقعہ کے بعد لڑکی کو گرو ٹیگ بہادر ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا جبکہ ڈی سی ڈبلیو کا کہنا تھا کہ وہ ریپ متاثرہ لڑکی کے لیے معاوضے کے لیے درخواست دیں گے۔
واضح رہے کہ دہلی پولیس کے اعدادو شمار کے مطابق رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران نئی دہلی میں یومیہ 2 بچوں کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا۔
مزید پڑھیں: بھارت: 12 افراد کا طالبہ کے ساتھ گینگ ریپ
رواں سال اپریل تک دارالحکومت میں بچوں کے ریپ کے 282 کیسز رپورٹ ہوئے تھے جبکہ گزشتہ سال اسے عرصے میں 278 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔
گزشتہ سال بچوں کے ساتھ ریپ کے مجموعی طور پر 894 کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔