وزیراعظم 2 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب جائیں گے
وزیراعظم عمران خان کل بروز منگل (18 ستمبر) کو 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہوں گے۔
وزیر اعظم کے دفتر کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق وزیر اعظم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر 18 سے 19 ستمبر تک سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔
اپنے دورے کے دوران وزیر اعظم سعودی فرامانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیر اعظم کے دورے پر ان کے ہمراہ وزیر خارجہ، وزیر مالیات اور مشیر کامرس بھی ہوں گے۔
مزید پڑھیں: سعودی فرماں روا اور ولی عہد کی عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد
بیان میں کہا گیا کہ سعودی فرمانروا کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان اور ان کے وفد کے لیے رائل کورٹ میں عشائیے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ دورے کے دوران پاکستان وفد میں شامل ارکان باہمی تعاون کے امور پر بحث کے لیے اپنے ہم منصب سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران عمران خان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد سے بھی ملاقات کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان سے چین اور سعودی عرب کے وزرا کی ملاقاتیں
وزیر اعظم سعودی عرب کے دورے کے دوران مختلف مذہبی مقامات کی زیارت اور عمرہ بھی ادا کریں گے۔
سعودی عرب کے دورے کے بعد 19 ستمبر کو وزیر اعظم اپنے وفد کے ہمراہ ابو ظہبی کا دورہ کریں گے جہاں ان کا استقبال متحدہ عرب امارات کے امیر محمد بن زائد النہیان کریں گے۔
وہ یہ دورہ عرب امارات کے امیر کی دعوت پر کریں گے جہاں دونوں رہنما باہمی مفادات پر بات کریں گے۔
واضح رہے کہ یہ عمران خان کا بطور وزیر اعظم پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔