• KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:43pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:01pm Isha 6:26pm
  • ISB: Maghrib 5:01pm Isha 6:28pm

نازیہ حسن کی زندگی پر فلم بنانے کی تیاریاں؟

شائع September 17, 2018
—فوٹو: فیس بک
—فوٹو: فیس بک

اطلاعات ہیں کہ پاکستان کی سابق پاپ گلوکارہ نازیہ حسن کی زندگی پر ان کے سابق شوہر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاہم گلوکارہ کے بھائی اور دیگر اہل خانہ اس عمل سے ناراض ہیں۔

نازیہ حسن کے بھائی اور گلوکار زوہیب حسن کے مطابق انہوں نے سنا ہے کہ گلوکارہ کے سابق شوہر میاں اشتیاق بیگ ان کی زندگی پر فلم بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے اپنی مختصر سی پوسٹ میں لکھا کہ ان کی بہن پر فلم بنانے والے کسی بھی شخص کے خلاف ان کا خاندان قانونی مقدمہ دائر کرے گا۔

زوہیب حسن کے آفیشل فیس بک پیچ پر کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا کہ ‘حسن کے اہل خانہ کو علم ہوا ہے کہ نازیہ کے سابق شوہر ان کی زندگی پر فلم بنانے کی کوشش کرکے ان کا نام استعمال کرکے اس سے منافع کمانا چاہتے ہیں’۔

پوسٹ میں انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی فرد ایسی کوشش کرتا ہے اور نازیہ کی زندگی پر فلم بناتا ہے تو وہ ہمارے خاندان کی جانب سے قانونی جنگ کا سامنا کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: دل کو چرانے والی نازیہ حسن کی یادیں آج بھی تازہ

ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ نازیہ حسن اور ان کی موسیقی سے متعلق تمام مواد کے مالکانہ حقوق ان کے پاس موجود ہیں، اگر دنیا بھر میں کوئی بھی ان کی خلاف ورزی کرے گا تو وہ بھی قانونی جنگ کا سامنا کرے گا۔

دوسری جانب نازیہ حسن کے سابق شوہر میاں اشتیاق بیگ نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا۔

خیال رہے کہ پاپ گلوکارہ نے 1995 میں صنعت کار میاں اشتیاق بیگ سے شادی کی، جن سے انہیں ایک بیٹا بھی ہے، تاہم ان کی شادی کامیاب نہ ہوسکی اور دونوں کے درمیان سال 2000 میں طلاق ہوگئی۔

طلاق کے کچھ ہی ہفتوں بعد وہ پھیپھڑوں کے کینسر کے باعث چل بسیں۔

نازیہ حسن نے اپنے کیریئر کا آغاز 1975 میں پی ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک بچوں کے پروگرام 'کلیوں کی مالا' سے کیا، جہاں انہوں نے اپنا پہلا گانا 'دوستی ایسا ناتا' گایا تھا۔

یہ تصاویر دیکھیں: پاپ موسیقی کی پاکستانی ملکہ کی یادگار تصاویر

وہ 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور اپنے انوکھے انداز سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری میں بہت جلد اپنی جگہ بنانے میں کامیاب گئیں۔

نازیہ حسن کو بولی وڈ فلم 'قربانی' کے لیے گائے گئے گانے 'آپ جیسا کوئی' سے عالمی شہرت ملی، وہ پہلی پاکستانی گلوکارہ تھیں جنھیں فلم فئیر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

نازیہ حسن کے بہترین گانوں میں دوستی، ڈسکو دیوانے، آنکھیں ملانے والے، بوم بوم اور دل کی لگی شامل ہیں، یہ گانے آج بھی ان کے مداحوں کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔

نازیہ حسن گلوکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک سیاسی تجزیہ کار بھی تھی جو 1991 میں پاکستان کی ثقافتی سفیر بنیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024