بھارت: لڑکی کے گینگ ریپ پر دوست کی خود کشی
بھارت کی ریاست چھتیس گڑھ میں ایک 21 سالہ نوجوان نے اپنے سامنے دوست کا گینگ ریپ کیے جانے پر خود کشی کرلی۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ میں پولیس کے حوالے سے بتایا گیا چھتیس گڑھ کے ضلع کوربا میں 2 ملزمان نے لڑکے اور لڑکی، جو آپس میں دوست تھے، کو تشدد کا نشانہ بنایا اور لڑکے کے سامنے مبینہ طور پر اس کی دوست لڑکی کا گینگ ریپ کیا۔
دوران تفتیش لڑکی نے گینگ ریپ کے حوالے سے پولیس کو آگاہ کیا۔
مزید پڑھیں: بھارت: 12 افراد کا طالبہ کے ساتھ گینگ ریپ
پولیس افسر کے مطابق مبینہ گینگ ریپ کے 2 ملزمان 22 سالہ اشور داس اور 21 سالہ کھیم کنور کو ریپ اور خودکشی پر اُکسانے کے الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔
متاثرہ لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ یکم ستمبر کو جب وہ اپنے دوست کے ہمراہ اسکول کے قریب موجود تھی تو اس دوران ملزمان نے ان پر فحش جملے کہے۔
لڑکی نے پولیس کو بتایا کہ بعد ازاں ملزمان نے دونوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر لڑکے کے سامنے لڑکی کے ساتھ گینگ ریپ کیا اور فرار ہوگئے۔
لڑکی نے بتایا کہ دوسرے روز لڑکے کو معلوم ہوا کہ ملزمان نے گاؤں میں دیگر لوگوں کو واقعہ کے حوالے سے بتایا ہے، جس کے بعد اس نے خود کشی کرلی۔
اس سے قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ میں کالج طالبہ کو 3 افراد نے اغوا کیا تھا جس کے بعد اسے 12 افراد نے گینگ ریپ کا نشانہ بنایا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت: ریپ کے الزام میں پولیس افسر کا بیٹا گرفتار
اس کے علاوہ بھارت کے دارالحکومت دہلی میں خاتون پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے حکم پر پولیس افسر کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔
بھارت میں ایک عرصے سے لڑکیوں کو اغوا کرنے کے بعد ریپ کے واقعات تواتر سے رونما ہو رہے ہیں اور عالمی برادری سمیت بھارت میں بھی انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
یہی وجہ ہے کہ بڑھتے ہوئے ان واقعات سے خوف و ہراس کا شکار خواتین اور لڑکیوں نے اپنے دفاع کے لیے اب باقاعدہ سیلف ڈیفنس کی کلاسز لینا شروع کردی ہیں تاکہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ اپنے اوپر ہونے والے ہر حملے کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔