ایپل کی تاریخ کا سب سے بڑا اور مہنگا ترین آئی فون
ایپل کی جانب سے گزشتہ شب نئے آئی فون ایکس ایس (10 ایس) اور آئی فون ایکس ایس میکس (10 ایس میکس) کو متعارف کرایا۔
مزید پڑھیں : آئی فون ایکس ایس یا آئی فون 10 ایس، اصل نام کیا ہے؟
ایپل ڈاٹ کام نے ان فونز کے تمام ورژنز کی قیمتوں کی تفصیلات اپ ڈیٹ کیں۔
یہ ایپل کے پہلے اسمارٹ فونز ہیں جن میں 512 جی بی اسٹوریج دی گئی ہے تاہم جیسا اکثر افراد کو معلوم ہے کہ آئی فونز میں ایس ڈی کارڈ سپورٹ نہیں ہوتی، تو انہیں فون میں دی گئی اسٹوریج یا کلاﺅڈ اسٹوریج پر انحصار کرنا ہوتا ہے۔
اور ہاں یہ ایپل کے پہلے فونز ہیں جن میں ڈوئل سم سپورٹ اور گیگابٹ کلاس ایل ٹی ای سپورٹ دی گئی ہے جو کہ 5 جی ٹیکنالوجی کی جانب اس کمپنی کا پہلا قدم ہے۔
یعنی ان فونز میں ڈاؤن لوڈنگ اسپیڈ ایک گیگا بٹ فی سیکنڈ ہوگی، یعنی بہت تیز ڈاؤن لوڈ بلکہ ایک منٹ میں 7 جی بی کا ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنا ممکن ہوگا تاہم اس کا انحصار انٹرنیٹ پرووائڈر سروس پر ہوگا۔
اور یہ ایپل کے سب سے زیادہ اسٹوریج والے فون ہی نہیں درحقیقت آئی فون ایکس ایس میکس اس کمپنی کا اب تک کا سب سے مہنگا فون بھی ہے۔
آئی فون ایکس ایس کی قیمتیں گزشتہ سال کے آئی فون جیسی ہی ہے بس اس میں 512 جی بی اسٹوریج کا اضافہ ہوگیا ہے۔
یعنی 64 جی بی اسٹوریج والا فون 999 ڈالرز (ایک لاکھ 23 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا، 256 جی بی اسٹوریج والا ورژن 1149 ڈالرز (ایک لاکھ 41 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) اور 512 جی بی اسٹوریج والا ماڈل 1349 ڈالرز (ایک لاکھ 66 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں دستیاب ہوگا۔
جہاں تک آئی فون ایکس ایس میکس کی بات ہے تو یہ ڈسپلے کے لحاظ سے ہی ایپل کا سب سے بڑا فون نہیں بلکہ اس کمپنی کا سب سے مہنگا فون بھی ثابت ہونے والا ہے۔
آئی فون ایکس ایس میکس کا بیسک ماڈل یعنی 64 جی بی اسٹوریج والا فون 1099 ڈالرز (ایک لاکھ 35 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) پر فروخت ہونا شروع ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : ایپل کے سب سے طاقتور اور تیز ترین آئی فونز متعارف
ایکس ایس میکس کا 256 جی بی اسٹوریج والا فون 1249 ڈالرز (ایک لاکھ 53 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) جبکہ 512 جی بی اسٹوریج والا فون 1449 ڈالرز (ایک لاکھ 78 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت ہوگا۔
اور یہ تو وہ قیمتیں ہیں جو امریکا یا چند دیگر ممالک کے لیے کمپنی نے اعلان کی ہیں، پاکستان میں عام طور آئی فونز کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مقابلے میں کچھ زیادہ ہی ہوتی ہیں، تو یہ حیران کن نہیں ہوگا کہ آئی فون ایکس ایس میکس کا کوئی ورژن ملک میں 2 لاکھ روپے میں فروخت ہو۔