• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پنجاب: مزید 12 وزراء صوبائی کابینہ میں شامل

شائع September 13, 2018
12 نئے وزرا سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے حلف لیا—فوٹو:پنجاب گورنمنٹ آفیشل ٹوئٹر
12 نئے وزرا سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے حلف لیا—فوٹو:پنجاب گورنمنٹ آفیشل ٹوئٹر

لاہور: پنجاب کی صوبائی کابینہ میں مزید 12 نئے وزراء کا اضافہ ہوگیا، حلف کی تقریب گورنر ہاؤس پنجاب میں منعقد ہوئی جبکہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے نئے وزارء سے حلف لیا۔

حلف اٹھانے والے وزرا میں پیر سید سعید الحسن شاہ نے وزارت اوقاف اور مذہبی امور، مہر محمد اسلم نے وزارت کوآپریٹوز، سید حسنین جہانیاں گردیزی نے وزارت مینجمنٹ اینڈ پروفیشنل ڈیولپمنٹ، محمد اجمل نے وزارت سماجی بہبود اور بیت المال، محمد اخلاق نے وزارت خصوصی تعلیم، آشفہ ریاض نے وزارت ویمن ڈیولپمنٹ، شوکت علی لالیکا نے وزارت زکوٰۃ و عشر، زوار حسین وڑائچ نے وزارت جیل، میاں خالد محمود نے وزارت ڈزاسٹر مینجمنٹ، محمد جہانزیب خان کھچی نے وزارت ٹرانسپورٹ اور اعجاز مسیح نے وزارت انسانی حقوق اور اقلیتی امور کا حلف اٹھایا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب کی 23 رکنی کابینہ کے 15 اراکین کو وزارتیں سونپ دی گئیں

اس حوالے سے اطلاعات یہ بھی ہیں کہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی99 سے منتخب ہونے والے رکنِ اسمبلی محمد اختر کو بھی صوبائی کابینہ میں شامل کرلیا گیا ہے تاہم ان کو دی جانے والی وزارت کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا۔

نئے وزرا کے حلف اٹھانے کے بعد صوبائی کابینہ کے اراکین کی کل تعداد 36 ہوگئی ہے جس میں 5 معاونین خصوصی اور مشیر بھی شامل ہیں۔

اْئین کے آرٹیکل 130(6) کے مطابق کابینہ میں شامل اراکین کین کل تعداد 15 افراد یا صوبائی اسمبلی کے اراکین کی کل تعداد کے 11 فیصد سے زائد نہیں ہونی چاہیے، جو کہ زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں: پی ٹی آئی نے پنجاب، کے پی کابینہ کا اعلان کردیا

ادھر میڈیا میں اس بات پر بحث جاری ہے کہ پنجاب اسمبلی کی کل تعداد 3 سو 71 کا 11 فیصد حصہ دیکھا جائے تو صوبے میں کابینہ اراکین کی تعداد 41 ہوسکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ معاونین اور مشیروں کو کابینہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی لیکن وہ اس کا مستقل حصہ نہیں ہوں گے، مثال کے طور پر اگر حکومت کو کسی معاملے پرکابینہ کی منظوری چاہیے ہوگی تو اس کا ایجنڈا مشیروں اور معاونین کو ارسال نہیں کیا جائے گا۔

گورنر ہاؤس میں ہونے والی حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، چیف سیکریٹری اکبر حسین درانی، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد مزاری، سینئر وزیرعبدالعلیم خان سمیت دیگر صوبائی وزرا راجہ بشارت، اسلم اقبال، چوہدری ظہیرالدین، راجہ عمار یاسر، مراد راس، اورمحسن لغاری شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے حلف اٹھا لیا

اس کے علاوہ انسپکٹر جنرل(آئی جی) پولیس محمد طاہر، سینئر سول سرونٹس، اراکینِ اسمبلی، وکلاء، صحافی اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد بھی تقریب میں موجود تھے۔


یہ خبر 13 اگست 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024