نواز شریف،مریم نواز اور محمد صفدر کی پیرول پر رہائی میں 3 دن کی توسیع
لاہور: سابق وزیر اعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کی پیرول پر رہائی کی مدت میں 3 روز کی توسیع کردی گئی۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی کابینہ نے نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی پیرول پر رہائی کی مدت میں 3 روز کی توسیع کی منظوری دے دی۔
دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک جاری بیان میں کہا کہ پارٹی کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے کل شام 4 سے 6 بجے کے دوران اپنی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کے لیے آنے والوں سے ملاقاتیں کریں گے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق مرحوم بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ 14 ستمبر 2018 بروز جمعہ شام 5 بجے شریف میڈیکل سٹی، جاتی عمرہ میں ادا کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں
انہوں نے مزید کہا کہ بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لیے رسم قل مورخہ 16 ستمبر بروز اتوار عصر تا نماز مغرب جاتی امرا میں ہی ہوگی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی آخری رسومات میں شرکت کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا۔
کینسر کے مرض میں مبتلا سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن کے ہسپتال میں انتقال کر گئی تھیں اور اڈیالہ جیل میں قید نواز شریف، ان کی بیٹی مریم نواز اور داماد صفدر کو یہ خبر پہنچا دی گئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تینوں افراد کو ابتدائی طور پر 12 گھنٹوں کے لیے رہائی ملی تھی، تاہم بعد ازاں پنجاب کابینہ کی منظوری کے بعد رہائی کی مدت میں 3 روز کی توسیع دے دی گئی۔
قبل ازیں ذرائع نے بتایا تھا کہ کلثوم نواز کے انتقال کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں بٹھایا گیا جہاں سے انہوں نے لندن میں اپنے اہل خانہ سے رابطہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مریم نواز کو کلثوم نواز کی وفات کی خبر سنائی گئی تو وہ آبدیدہ ہوگئے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اڈیالہ جیل پہنچے اور اپنے بھائی اور بھتیجی سے اظہار تعزیت کرنے کے بعد کلثوم نواز کی میت وطن واپس لانے کے لیے نواز شریف سے مشاورت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم، آرمی چیف، سیاسی رہنماؤں کا کلثوم نواز کی وفات پر اظہار افسوس
ادھر وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔
تحریک انصاف کی جانب سے جاری ایک ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ حکومت پاکستان بیگم کلثوم نواز کے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔
اس معاملے پر ماہر قانون اظہر صدیق کا کہنا تھا کہ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر پیرول پر تدفین کے عمل میں شرکت کر سکتے ہیں اور اس کے لیے وفاقی یا صوبائی حکومت مچلکے کی رقم مختص کرنے کی مجاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیرول کے لیے اہل خانہ کی جانب سے درخواست دینا ضروری ہے جبکہ تینوں شخصیات کو راولپنڈی سے لاہور لانے کے لیے احتساب عدالت سے بھی اجازت لینا ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حسن نواز اور حسین نواز حفاظتی ضمانت کروا کر پاکستان آسکتے ہیں لیکن ایگزیٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں نام ہونے کے باعث وہ دونوں ملک سے باہر نہیں جاسکیں گے۔