• KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm
  • KHI: Zuhr 12:19pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:50am Asr 3:23pm
  • ISB: Zuhr 11:55am Asr 3:23pm

غیرقانونی بھرتی کیس: راجہ پرویز اشرف احتساب عدالت میں پیش

شائع September 11, 2018

سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف غیرقانونی بھرتیوں کے الزام میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے جہاں نیب نے سابق وزیر اعظم پر میرٹ کی دھجیاں اڑانے اور نااہل افراد کو سیاسی طور پر نوازنے کے الزامات عائد کیے تھے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف پاکستان الیکٹرک پاور کمپنی (پیپکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) میں غیرقانونی بھرتیوں کے کیس کے سلسلے لاہور کی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب نے پیپکو اور گیپکو میں 437 غیر قانونی بھرتیوں کے کرپشن ریفرنس میں راجہ پرویز اشرف کو نامزد کر رکھا ہے۔

مزید پڑھیں: غیرقانونی بھرتیاں:سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف پر فردِ جرم عائد

سماعت کے دوران نیب حکام نے احتساب عدالت کو بتایا کہ راجہ پرویز اشرف نے ایسے افراد کو نوکریاں فراہم کیں جنہوں نے درخواستیں ہی نہیں دی تھیں اور اس سلسلے میں میرٹ کی دھجیاں بکھیر کر نااہل افراد کو سیاسی بنیادوں پر نوازا گیا۔

نیب حکام نے کہا کہ بھرتیوں کے عمل کے دوران تحریری امتحان اور ڈومیسائل کی پالیسی کی خلاف ورزی بھی کی گئی اور سابق وزیر اعظم نے صرف اپنا ووٹ بینک مضبوط بنانے کے لیے اپنے حلقے کے ووٹرز کو نوازا اور اہل افراد کو ان کے جائز حق سے محروم رکھا۔

ریفرنس میں سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور سابق ایم ڈی پیپکو طاہر بشارت چیمہ کو نامزد کیا گیا جبکہ ان کے ساتھ ساتھ سابق سیکریٹری وزارت پانی و بجلی شاہد رفیع، سابق ڈائریکٹرز بورڈ آف گورنرز محمد سلیم عارف، ملک محمد رضی عباس اور وزیرعلی بھی ملزمان میں شامل ہیں۔

نیب کے کرپشن ریفرنس میں سابق سی ای او محمد ابراہیم مجوکہ اور سابق ڈائریکٹر ایچ آر حشمت علی کاظمی بھی ملزمان کی فہرست کا حصہ ہیں۔

احتساب عدالت نے راجہ پرویز اشرف کے خلاف ناجائز بھرتی کیس کی سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا۔

بعدازاں احتساب عدالت کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ڈیم بنانا ملک کے لیے بہت ضروری ہے اور آنے والا وقت پانی کے حوالے سے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غیرقانونی بھرتیاں:سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کےوارنٹ گرفتاری

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت پیپلز پارٹی نے کبھی بھی ڈیم کی مخالفت نہیں کی جبکہ ان کے دور حکومت میں بھاشا اور دیامیر ڈیم پر کام بھی شروع کر دیا گیا تھا۔

اس موقع پر انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی ڈیم کے لیے فنڈریزنگ مہم کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام پاکستانیوں کو ڈیم فنڈ مین بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مین بھی ڈیم فنڈز میں حصہ لوں گا لیکن ہمیں ڈیم بنانے کے ساتھ ساتھ پانی کے غیر ضروری استمعال کو بھی روکنا ہو گا۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024