• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آئی سی یو میں داخل دلیپ کمار کی صحت میں بہتری

شائع September 9, 2018
دلیپ کمار گزشتہ چند سال سے بیمار ہیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس
دلیپ کمار گزشتہ چند سال سے بیمار ہیں—فائل فوٹو: انڈین ایکسپریس

شہنشاہ جذبات کہلائے جانے والے بولی وڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار گزشتہ 4 روز سے ممبئی کے ایک ہسپتال میں انتہائی نگہداشت والے وارڈ (آئی سی یو) میں داخل ہیں۔

دلیپ کمار کو 4 روز قبل 5 ستمبر کو ممبئی کے معروف ہسپتال لیلاوتی میں داخل کرایا گیا تھا، جہاں ابتدائی طور پر ان کی صحت بہت زیادہ خراب بتائی جا رہی تھی۔

دلیپ کمار کے ٹوئٹر ہینڈل سے ہی ان کی اہلیہ سائرہ بانو نے بتایا تھا کہ 95 سالہ اداکار کو سینے میں تکلیف کے باعث ہسپتال لایا گیا ہے، ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: دلیپ کمار کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل

4 دن گزر جانے کے باوجود دلیپ کمار تاحال ہسپتال کے انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں داخل ہیں، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے۔

ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں ہسپتال ڈاکٹرز کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اگرچہ دلیپ کمار آئی سی یو میں داخل ہیں، تاہم ان کی صحت پہلے سے بہتر ہے اور امید ہے کہ اگلے چند گھنٹوں میں مزید بہتر ہوگی۔

ہسپتال کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ وہ دلیپ کمار کی بہتر ہوتی طبیعت سے خوش ہیں اور انہیں توقع ہے کہ اگلے دنوں تک ان کی صحت مزید بہتر ہوگی۔

مزید پڑھیں: دلیپ کمار اپنی موت کی جھوٹی خبروں سے پریشان

خیال رہے کہ دلیپ کمار گزشتہ چند سال سے مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں، انہیں وقتا بوقتا ہسپتال داخل کرایا جاتا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دلیپ کمار کو نہ صرف سینے میں تکلیف کی شکایت رہتی ہے، بلکہ انہیں کبھی کبھی سانس لینے میں دشواری کے سامنے سمیت گردوں میں بھی تکلیف ہوتی ہے۔

علاوہ ازیں بڑھتی عمر کے ساتھ انہیں صحت کے دیگر مسائل بھی ہونے لگے ہیں، انہیں ماضی میں بھی مختلف بار ہسپتال داخل کرایا جاچکا ہے۔

پشاور میں 11 دسمبر 1922 کو پیدا ہونے والے دلیپ کمار کا اصل نام یوسف خان ہے اور انہوں نے 1944 میں 22 سال کی عمر میں فلمی دنیا میں قدم رکھا۔

ان کی آخری فلم ‘قلعہ’ 1998 میں ریلیز ہوئی تھی۔

دلیپ کمار کو 1991 میں پدمابھوشن، 1994 میں دادا صاحب پھالکے اور 2015 میں پدماوی بھوشن ایوارڈ سے نوازا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024