• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

ماہرہ خان افغان پناہ گزین بچوں سے فارسی سیکھنے کی خواہاں

شائع September 9, 2018 اپ ڈیٹ September 10, 2018
اداکارہ نے مہاجر بچوں سے فارسی زبان سکھانے کی درخواست کی—اسکرین شاٹ
اداکارہ نے مہاجر بچوں سے فارسی زبان سکھانے کی درخواست کی—اسکرین شاٹ

اقوام متحدہ (یو این) کے پناہ گزینوں سے متعلق ذیلی ادارے ‘یونائیٹڈ نیشنز ہائی کمشنر فار رفیوجیز’ (یو این سی ایچ آر) کے ساتھ کام کرنے والی پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے صوبہ خیبر پختونخوا میں قائم افغان مہاجرین کیمپ کا دورہ کیا ہے۔

اداکارہ نے 2 دن قبل 6 ستمبر کو خیبرپختونخوا میں پشاور کے قریب واقع ایک افغان مہاجر کیمپ کا دورہ کیا تھا، جہاں وہ پناہ گزین بچوں سے مل گھل گئی تھیں۔

اب اداکارہ نے نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا میں موجود دوسرے افغان مہاجر کیمپوں اور وہاں قائم کیے گئے اسکولوں کا بھی دورہ کیا ہے۔

# یہ بھی پڑھیں: ماہرہ سے ملنے والے افغان پناہ گزین بچے ورون دھون بننے کے خواہاں

ماہرہ خان نے افغان مہاجر کیمپ اور وہاں قائم اسکولوں اور تربیتی مراکز کے دورے کی ویڈیو اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر بھی شیئر کی۔

ماہرہ خان کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں اداکارہ کوافغان مہاجر بچوں سے ملنے کے خوشی سے نہال ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

ویڈیو میں اداکارہ نے بتایا کہ وہ مہاجر کیمپ آنے سے قبل یہ سوچ رہی تھیں کہ وہاں جاکر ان کا دل دکھے گا، کیوں کہ وہاں انتہائی خستہ حالت ہوگی۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ تاہم وہ مہاجر کیمپ آکر خوشگوار حیرت میں مبتلا ہوگئیں، کیوں کہ یہاں نہ صرف پناہ گزینوں کا اچھی طرح خیال رکھا جا رہا ہے، بلکہ ان کے بچوں کو بھی بہتر تربیت دی جا رہی ہے۔

اداکارہ نوجوان مہاجر لڑکیوں سے تصویریں بناتی نظر آئیں—فوٹو: ماہرہ خان فیس بک
اداکارہ نوجوان مہاجر لڑکیوں سے تصویریں بناتی نظر آئیں—فوٹو: ماہرہ خان فیس بک

ویڈیو میں اداکارہ کو مہاجر کیمپ میں قائم کئے گئے اسکولوں اور دیگر تربیتی مراکز کا دورہ کرتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے۔

ایک اسکول کے دورے کے دوران اداکارہ افغان مہاجر بچوں سے درخواست کرتی ہیں کہ انہیں ‘فارسی زبان’ سکھائی جائے۔

ویڈیو میں اداکارہ بچوں سے اردو سمیت فارسی میں بھی بات کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جب کہ انہیں بچوں کے ساتھ سیلفیاں لیتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکارہ نے یو این سی ایچ آر کے سربراہ سے بھی ملاقات کی—فوٹو: اے ایف پی
اداکارہ نے یو این سی ایچ آر کے سربراہ سے بھی ملاقات کی—فوٹو: اے ایف پی

اسی ویڈیو میں بتایا گیا کہ اندازے کے مطابق پاکستان میں 14 لاکھ افغان مہاجر رہتے ہیں، جن میں سے 50 فیصد بچے شامل ہیں۔

اداکارہ نے مہاجر کیمپ کے دورے کی تصاویر بھی فیس بک اور انسٹاگرام پر شیئر کی ہیں۔

علاوہ ازیں ماہرہ خان نے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے مہاجرین سے متعلق ادارے ‘یو این سی ایچ آر’ کے سربراہ فلپو گرانڈی سے بھی ملاقات کی اور ان کے ساتھ بھی مہاجر کیمپ کا دورہ کیا۔

اداکارہ نے یو این سی ایچ آر سربراہ کے ساتھ نوشہرہ میں قائم کیمپ کا دورہ بھی کیا—فوٹو: اے ایف پی
اداکارہ نے یو این سی ایچ آر سربراہ کے ساتھ نوشہرہ میں قائم کیمپ کا دورہ بھی کیا—فوٹو: اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024