• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سونالی باندرے کے چل بسنے کی خبریں وائرل

شائع September 9, 2018
اداکارہ کو رواں برس جولائی میں کینسر لاحق ہوگیا تھا—فوٹو: سونالی باندرے انسٹاگرام
اداکارہ کو رواں برس جولائی میں کینسر لاحق ہوگیا تھا—فوٹو: سونالی باندرے انسٹاگرام

رواں برس 4 جولائی کو سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے خود کو کینسر کا مرض لاحق ہونے کی تصدیق کرنے والی 43 سالہ اداکارہ سونالی باندرے کے چل بسنے کی خبریں انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئیں۔

سونالی باندرے ان دنوں امریکا میں علاج کی غرض سے رہائش پذیر ہیں اور وہ علاج کے دوران بھی ہر معلومات سوشل میڈیا کے ذریعے مداحوں سے شیئر کرتی ہیں۔

اپنی موت کی جھوٹی خبروں کے وائرل ہونے سے 2 دن قبل ہی انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ساتھی اداکارہ پریانکا چوپڑا کی تجویز پر سر پر جعلی بال لگوائے۔

اس سے قبل انہوں نے علاج کی غرض سے اپنے سر کے بال منڈوائے تھے اور اس کی ویڈیو اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھیں۔

تاہم گزشتہ روز بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے ریاست اتر پردیش کے دارالحکومت لکنؤ سے منتخب رکن رام کدم نے سونالی باندرے کے چل بسنے کی ٹوئیٹ کی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا اور بعد ازاں بھارتی میڈیا میں بھی وائرل ہوگئی۔

رام کدم نے مراٹھی زبان میں ٹوئیٹ کی تھی—اسکرین شاٹ
رام کدم نے مراٹھی زبان میں ٹوئیٹ کی تھی—اسکرین شاٹ

رام کدم نے سونالی باندرے کو معروف اداکارہ لکھتے ہوئے مراٹھی زبان میں بتایا تھا کہ اب وہ ہم میں نہیں رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سونالی باندرے کینسر کے علاج کے دوران ‘رو پڑیں‘

تاہم انہیں کوئی تصدیق کیے بغیر ہی سونالی باندرے کے مرنے کی خبر ٹوئیٹ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد انہوں نے وہ ٹوئیٹ ڈیلیٹ کرتے ہوئے ایک اور ٹوئیٹ کی، جس میں انہوں نے اداکارہ کی صحت کے لیے نیک تمنائیں کیں۔

سونالی باندرے کے موت کی خبریں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ان کے شوہر گولدی بہل نے اہلیہ کے حوالے سے جھوٹی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لوگوں سے درخواست کی کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال مثبت انداز میں ذمہ داری کے ساتھ کریں۔

اگرچہ انہوں نے رام کدم کو تنقید کا نشانہ نہیں بنایا، تاہم انہوں نے سب سے درخواست کی کہ ایسی افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے، جن سے انہیں اور ان کے خاندان کو تکلیف پہنچے۔

دوسری جانب این ڈی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سونالی باندرے کی کیموتھراپی کا مرحلہ شروع ہوگیا، تاہم کیموتھراپی سے قبل اداکارہ نے اپنی بہترین دوستوں کے ساتھ وقت گزارا۔

بولی وڈ اداکار ہریتھیک روشن کی سابق اہلیہ سوزان خان نے بھی سونالی باندرے کے ساتھ بنوائی گئی ایک تصویر شیئر کی، جس میں انہیں خوشگوار موڈ میں سہیلیوں کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: ‘زندگی کے ہر لمحے کو جینا چاہتی ہوں’

علاوہ ازیں سونالی باندرے نے اپنے موت کی جھوٹی خبریں وائرل ہونے کے بعد بھی انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ بھارت کی کسی اہم شخصیت کے مرنے کی جھوٹی خبر وائرل ہوئی ہو، اس سے قبل رواں برس اپریل میں بولی وڈ اداکار عرفان خان کے حوالے سے بھی ایک جھوٹی خبر وائرل ہوئی تھی۔

عرفان خان بھی کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور وہ علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں۔

تاہم ان کے حوالے سے بھی ایک بھارتی صحافی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ڈاکٹرز نے زندہ رہنے کے لیے صرف ایک مہینے تک کا وقت بتایا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ عرفان خان کا مرض حد سے زیادہ بڑھ گیا ہے اور وہ کسی وقت بھی مرسکتے ہیں۔

اگرچہ عرفان خان نے بھی دوران علاج مایوس کن باتیں مداحوں سے شیئر کیں، تاہم اب خبریں ہیں کہ ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے اور ان کی 6 کیموتھراپیاں مکمل ہوچکی ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024