وفاقی کابینہ میں 4 وزرا کا اضافہ، میاں سومرو، مراد سعید بھی شامل
وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے مزید 4 ورزا کو شامل کرلیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے نئے اراکین میں سابق نگراں وزیراعظم اور سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو، علی زیدی، مراد سعید اور عمر ایوب خان شامل ہیں۔
محمد میاں سومرو کو وزیر پرائیویٹائزیشن بنایا جائے گا اور عمر ایوب خان کو توانائی کی وزارت دی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق کراچی سے منتخب پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما علی زیدی سمندری امور کی وزارت کا قلم دان سنبھالیں گے۔
پی ٹی آئی کے نوجوان رکن اسمبلی مراد سعید کی وزارت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کی 16 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا
وفاقی کابینہ کے نئے وزرا سے حلف نومنتخب صدر عارف علوی لیں گے جبکہ وہ خود متوقع طور پر 9 ستمبر کو اپنے منصب پر براجمان ہوں گے۔
وزیراعظم کی جانب سے مزید 4 وزرا کے اعلان کے بعد وفاقی کابینہ کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ عمران خان نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد ابتدائی طور پر 16 وزرا اور 5 مشیروں پر مشتمل 21 رکنی کابینہ تشکیل دی تھی۔
وفاقی کابینہ میں تحریک انصاف کے اہم رہنماؤں کے علاوہ مرکز میں اس کی اتحادی جماعتوں کے نمائندوں کو بھی اہم عہدے دیے گئے ہیں۔
بعد ازاں شہریار آفریدی کو وزیرمملکت برائے داخلہ مقرر کیا گیا تھا قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ریفرنس دائر کیے جانے پر پارلیمانی امور کے مشیر بابر اعوان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
مزید پڑھیں:عمران خان نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی، نجکاری، سی پیک تشکیل دے دی
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 4 ستمبر کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی، نجکاری اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) تشکیل دی تھی۔
کابینہ کمیٹی کے نوٹیفکیشن میں تمام وزاتوں کو مطلع کیا گیا تھا کہ 7رکنی کابینہ کمیٹی برائے توانائی تشکیل دے دی گئی ہے اور وزیر پیٹرولیم غلام سرور کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیا ہے۔
توانائی کمیٹی میں وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار اور وزیر ریلوے شیخ رشید شامل ہیں۔
دیگراراکین میں مشیر تجارت و ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار و سرمایہ کاری بھی شامل ہیں اور سیکریٹری کابینہ ڈویژن بھی کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے رکن ہوں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے 7 رکنی کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں وزیر خزانہ اسد عمر کو کمیٹی کا چیئرمین جبکہ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر منصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار کو کمیٹی کے اراکین مقرر کیا۔