کھانے پکانے کے دیہی طریقے بتانے والا پاکستانی اسٹار بن گیا
اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستانی کھانے نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ مشرق وسطیٰ سمیت دیگر خطوں میں بھی شہرت رکھتے ہیں۔
نہ صرف پاکستانی ہوٹلوں پر بننے والے کھانے بلکہ ملک کے دیہات میں روایتی طریقوں سے بنائے جانے والے کھانے بھی لذت میں اپنی مثال آپ ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ پاکستان کے صوبہ پنجاب سے تعلق رکھنے والا ایک عام شخص کھانے پکانے کے دیہاتی طریقے بتانے کے بعد یوٹیوب اسٹار بن گیا۔
ڈان امیجز کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضلع سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ صدیق نے فٹ بال بنانے والی فیکٹری میں پروڈکشن مینیجر کی نوکری چھوڑ کر یوٹیوب پر لوگوں کو ‘ کھانے پکانے کے دیہی طریقے’ بتانے کا کام شروع کردیا۔
صدیق نے ڈان امیجز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ وہ جلد ہی شہرت حاصل کریں گے، تاہم اب وہ اس بات پر خوش ہیں کہ ان کی جانب سے کھانے پکانے کے دیہی طریقوں کو دنیا بھر میں پسند کیا جا رہا ہے۔
تین بچوں کے والد اور گھر کے اہم فرد کی حیثیت رکھنے والے صدیق کے مطابق ان کے آباؤ اجداد بھی کھانے پکانے کے ماہر تھے، جس وجہ سے انہیں یہ خیال آیا کہ کیوں نہ وہ لوگوں کو دیسی طریقوں سے کھانے پکانے کے طریقے بتائیں۔
صدیق نے یوٹیوب پر ‘ولیج فوڈ سیکریٹ’ نامی چینل بنانے کے بعد اس پر کھانے پکانے کی دیہی ترکیبوں کی مختصر ویڈیوز اپ لوڈ کرنا شروع کردیں اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ مشہور ہونے لگے۔
صدیق نے اپنے یوٹیوب چینل پر پہلی ویڈیو 3 جنوری 2017 کو اپ لوڈ کی، جس میں انہوں نے ‘مولی پراٹھہ’ بنانے کی دیہی ترکیب بتائی۔
اگرچہ ان کی پہلی ویڈیو کو اب تک ایک لاکھ سے بھی کم بار دیکھا جا چکا ہے، تاہم ان کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو کو اب تک 34 لاکھ بار دیکھا جا چکا ہے۔
2 سال سے بھی کم وقت میں صدیق کے چینل کو 5 لاکھ سے زائد افراد نے سبسکرائب کیا ہے، جب کہ ان کی کھانے پکانے کی ترکیبوں کو پاکستان کے علاوہ دیگر 4 ممالک میں دیکھا جاتا ہے۔
صدیق کی جانب سے کھانے پکانے کی دیہاتی ترکیبوں کی ویڈیوز کو پاکستان کے علاوہ بھارت، سعودی عرب، برطانیہ اور امریکا میں بھی دیکھا جاتا ہے۔
صدیق نے فیس بک پیج، ٹوئتر ہینڈل اور انسٹاگرام پر بھی ‘ولیج فوڈ سیکریٹ’ کے اکاؤنٹ بنا رکھے ہیں۔
انسٹاگرام پر انہیں کوئی خاص شہرت نہیں ملی اور وہاں ان کے صرف 338 فالوؤرز ہیں۔
ٹوئٹر پر بھی انہیں کوئی خاص شہرت حاصل نہیں ہوئی اور وہاں انہوں نے صرف 14 ٹوئیٹس ہی کر رکھی ہیں۔
ان کے فیس بک پیج کو 10 ہزار کے قریب افراد نے لائیک کر رکھا ہے، تاہم انہیں سب سے زیادہ شہرت یوٹیوب پر ملی ہے، جہاں ان کے چینل کو 5 لاکھ سے زائد افراد نے سبسکرائب کر رکھا ہے۔
تبصرے (2) بند ہیں