• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

بلا اشتعال فائرنگ، پاکستان کا بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے احتجاج

شائع September 5, 2018

پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے ایک شہری کی ہلاکت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ روز ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ اور شہری کی موت پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔

مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ،بزرگ شہری جاں بحق

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی اور اسے علاقائی امن اور سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ کرتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ سے آزاد کشمیر کے علاقے کوٹ کاٹیرا میں ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ ایل او سی کے سیکٹر کوٹ کاٹیرا میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک شہری عبدالرؤف جاں بحق ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جاں بحق شخص مویشی چَرا رہے تھے کہ بھارتی فوجیوں نے انہیں نشانہ بنایا۔

اس سے قبل 18 اگست کو آزاد کشمیر کے دننا سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 65 سالہ شہری جاں بحق ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: `آزاد کشمیر: بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے ایک پاکستانی جاں بحق`

یاد رہے کہ رواں سال 15 فروری کو بھارتی فوج کی جانب سے آزاد کشمیر کے بٹل سیکٹر میں اسکول کی وین پر شیلنگ سے وین کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا۔

ایل او سی پر بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے واقعات اکثر رونما ہوتے رہتے ہیں۔

ایل او سی پر جنگ بندی کے لیے 2003 میں پاکستان اور بھارتی افواج کی جانب سے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے تاہم اس کے باوجود جنگ بندی کی خلاف ورزی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024