خاموش اور غیرمتحرک صدر نہیں بنوں گا، عارف علوی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی نے کہا ہے کہ یقین ہے کہ بھاری اکثریت سے صدارتی انتخاب میں کامیابی حاصل کروں گا۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت میں ان کا کہنا تھا کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں رہے، جس کے بعد امید ہے کہ انہیں پی ٹی آئی کے ساتھ ساتھ اتحادی جماعتوں کے اراکین بھی ووٹ دیں گے۔
نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی کا کہنا تھا کہ روٹی کپڑا اور مکان میری ترجیحات میں شامل ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اراکین اپنے ضمیر کے مطابق صدارتی امیدوار کو ووٹ دیں۔
اس موقع پر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ صدر ممنون حسین سے آپ کا کردار کس طرح مختلف ہوگا، تو اس پر انہوں نے کہا کہ یہ ممنون حسین سے پوچھیں یا جب میرا وقت گزر جائے تب اس بارے میں سوال کیا جائے۔
تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی کا کہنا تھا کہ وہ خاموش اور غیرمتحرک صدر نہیں بنیں گے،انہیں موقع ملا تو وہ بچے بوڑھوں سمیت سب کے صدر ہوں گے۔