• KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:32pm Asr 4:14pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:28pm
  • ISB: Zuhr 12:08pm Asr 3:27pm

امریکا میں ڈائس گیم کے دوران فائرنگ، 8 افراد زخمی

شائع September 4, 2018

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ایک اپارٹمنٹ میں ڈائس گیم کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 8 افراد زخمی ہو گئے۔

کیلیفورنیا پولیس کے مطابق اپارٹمنٹ میں فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے 8 افراد میں سے 2 کی حالت نازک ہے۔

سین برنارڈینو پولیس کے ترجمان سیڈی ایلبرس نے بتایا کہ اتوار کی رات کی گئی فائرنگ میں زخمی ہونے والوں میں ایک 17 سال کا لڑکا بھی شامل ہے، زخمیوں میں سے 6 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایلبرس نے انکشاف کیا کہ متاثرہ افراد تفتیش کاروں سے تعاون نہیں کر رہے لہٰذا فائرنگ کی وجہ کا پتہ نہیں چل سکا البتہ جائے وقوع کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ کئی گولیاں فائر کی گئیں۔

مزید پڑھیں: فلوریڈا میں ویڈیو گیم ٹورنامنٹ ہارنے پر فائرنگ، متعدد افراد ہلاک

پولیس نے بتایا ہے کہ علاقے میں ایک گینگ کی سرگرمیاں جاری تھیں تاہم ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہو گا کہ یہ گینگ کی آپسی دشمنی کا نتیجہ ہے کیونکہ تفتیش ابھی ابتدائی مرحلے میں ہے۔

جنوبی کیلیفورنیا کی پولیس کا کہنا تھا کہ ایک اپارٹمنٹ میں ایک گروپ ڈائس گیم کھیل رہا تھا اور اسی دوران ان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس کے کیپٹن رچ لا ہیڈ نے قیاس ظاہر کیا کہ فائرنگ کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا ہو گا جب کسی نے ڈائس گیم کھیلنے والے ایک گروپ پر فائرنگ کی اور پھر دوسری جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوع سے گولیوں کے خول برآمد ہوئے اور کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر جیکسن ولی میں ایک ویڈیو گیم ٹورنامنٹ میں شکست خوردہ فریق کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2024
کارٹون : 23 دسمبر 2024