نمرت کور کے ہاتھوں روی شاستری کلین بولڈ؟

شائع September 3, 2018
دونوں کے درمیان 2015 سے تعلقات ہیں—فوٹو: آئی بی ٹائم
دونوں کے درمیان 2015 سے تعلقات ہیں—فوٹو: آئی بی ٹائم

بولی وڈ اداکاروں اور بھارتی کرکٹرز کے درمیان محبتوں کی کہانی نئی نہیں۔

بولی وڈ کے چھوٹے خان سیف علی خان کے والد منصور علی خان پٹودی اور شرمیلا ٹیگور سے لے کر اظہرالدین اور سنگیتا بجلانی تک کئی رومانوی داستانیں بھری پڑی ہیں۔

گزشتہ برس دسمبر میں شادی کے بندھن میں بندھ جانے والے ویرات کوہلی اور انوشکا شرما سے لے کر ظہیر خان اور ساگریکا گاٹکے تک بہت سارے جوڑے ایسے ہیں جن کا تعلق بولی وڈ اور کرکٹ سے تھا۔

ان ہی جوڑوں میں یوراج سنگھ اور ہزل کیج اور ہربجن سنگھ اور گیتا بسرا بھی شامل ہیں۔

اور اب اطلاعات ہیں کہ اس سلسلے کی کڑی میں ایک اور اداکارہ اور کرکٹ کا اضافہ ہوا ہے۔

اطلاعات ہیں کہ سابق بھارتی کرکٹر، کوچ اور کمنٹیٹر روی شاستری اور بولی وڈ اداکارہ نمرت کور کے درمیان قربتیں بڑھ ہیں۔

جی ہاں، ممبئی مرر نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ 56 سالہ روی شاستری اور 36 سالہ نمرت کور کے درمیان گزشتہ 2 سال سے تعلقات قائم ہیں۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ دونوں کے درمیان 2015 میں جرمن کارساز کمپنی کی جانب سے ایک کار کو متعارف کرائے جانے کے اشتہار میں کام کرنے کے بعد دونوں میں نزدیکیاں ہوئیں، جو وقت کے ساتھ ساتھ محبت میں تبدیل ہوگئی۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ دونوں کو گزشتہ 2 سال کے درمیان متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا۔

خبر سامنے آنے کے بعد اداکارہ نمرت کور نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے ان خبروں کو فکشن پر مبنی افواہیں قرار دیا۔

انہوں نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘انہوں نے اپنے متعلق شائع ہونے والی خبریں پڑھیں، جو فکشن سے زیادہ کچھ بھی نہیں تھیں’،

نمرت کور نے مزید لکھا کہ حقائق کے بغیر فکشن کو شائع کرنا دوسرے کے لیے تکلیف دہ ہوسکتا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے ایسی باتیں کرنے والوں کو بتایا کہ انہیں آئس کریم پسند ہے اور وہ آج کے دن اور موسم کو انجوائے کر رہی ہیں۔ دوسری جانب روی شاستری نے اس حوالے سے تاحال کوئی بیان نہیں دیا۔

خیال رہے کہ 56 سالہ روی شاستری نے 18 سال کی عمر سے پہنچنے سے قبل ہی کرکٹ کھیلنا شروع کی تھی اور انہوں نے انڈر 19 ٹیم سمیت قومی ٹیم میں بھی بھارت کی نمائندگی کی۔

وہ 1980 کی دہائی میں پہلے بھارتی ٹیم کے نائب پھر کپتان مقرر ہوئے، بعد ازاں انہوں نے ریٹائرمنٹ لے لی اور 1990 میں ریتو سنگھ سے شادی کرلی۔

روی شاستری نے اپنی 22 سالہ شادی کا اختتام 2012 میں کیا، ماضی میں روی شاستری کا نام سیف علی خان کی پہلی بیوی امریتا سنگھ کے ساتھ بھی جوڑا جاتا رہا۔

امریتا سنگھ اور روی شاستری کو بھی ماضی میں متعدد بار ایک ساتھ دیکھا گیا، تاہم دونوں نے کبھی بھی اپنے تعلقات پر بات نہیں کی۔

36 سالہ نمرت کور نے فلمی کیریئر کا آغاز 2004 میں کیا، اب تک انہوں نے ایک درجن سے زائد فلموں میں کام کیا ہے۔

نمرت کی آخری فلم ‘ایئر لفٹ’ 2016 میں ریلیز ہوئی تھی، اس میں انہوں نے اکشے کمار کے ساتھ کام کیا تھا۔

نمرت کور کی مشہور فلموں میں ُایئر لفٹ، لنچ باکس، الائچی، پیڈلرز اور لو شو تے چکن کھرانا’ شامل ہیں۔

نمرت کور اور روی شاستری نے 2015 میں جرمن کار ساز کمپنی ‘آڈی’ کے ایک اشتہار میں ایک ساتھ کام کیا تھا، جس کے بعد ہی ان کے درمیان تعلقات کی چہ مگوئیاں ہوئیں۔

روی شاستری نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: آئی بی ٹائم
روی شاستری نے تاحال اس حوالے سے کوئی بیان نہیں دیا—فوٹو: آئی بی ٹائم

کارٹون

کارٹون : 4 جنوری 2025
کارٹون : 3 جنوری 2025