• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

شاہین ایئر لائن نے مدینہ میں پھنسے 200 حجاجِ کرام کو کراچی پہنچادیا

شائع September 3, 2018

کراچی: شاہین ایئرلائن انٹرنیشنل کی پرواز نے سعودی عرب میں پھنسے ہوئے 200 حجاج کرام کو مدینہ منورہ سے واپس کراچی پہنچا دیا۔

اس سلسلے میں ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے شاہین ایئر انٹرنیشنل کے عہدیدار ذوہیب حسن کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی ( سی اے اے) کی جانب سے شاہین ایئرلائن کا ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس منسوخ کردیا گیا تھا، جس کے باعث حجاج سعودی عرب میں پھنس گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ شاہین ایئر کی پرواز این ایل - 704 اتوار کی صبح 200 حاجیوں کو لے کر کراچی کے جناح انٹرنیشل ایئرپورٹ پہنچی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین ایئر کو حجاج کو لانے کیلئے پرواز کی اجازت مل گئی

ان کا کہنا تھا کہ مدینہ میں پھنسنے کے بعد ایئرلائن کی جانب سے مسافروں کو سہولیات فراہم کی گئیں، تاہم اب تمام حاجیوں کو بحفاظت کراچی پہنچادیا گیا۔

اس کے ساتھ انہوں نے 'سی اے اے' کے اقدام کے باعث حاجیوں کو پیش آنے والی مشکلات پر معذرت بھی کی اور امید ظاہر کی کہ حکام کی جانب سے شاہین ایئر کو بقیہ حج پروازوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی اور شاہین ایئرلائن کے درمیان تقریباً 2 ماہ سے ڈیڑھ ارب روپے کی ادائیگی کا شدید تنازع جاری ہے، جبکہ یہ معاملہ عدالت میں بھی زیرالتوا ہے۔

مزید پڑھیں: شاہین ایئر کو چین میں پھنسے پاکستانیوں کو نکالنے کا حکم

خیال رہے کہ اس سے قبل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے عدم ادائیگی پر شاہین ایئر لائن کی اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک تمام پروازیں معطل کردی تھیں۔

سی اے اے کی جانب سے بارہا اعلان کیا گیا تھا کہ شاہین ایئر کا حج فلائٹ آپریشن پروازوں کی بندش سے متاثر نہیں ہوگا، اس کے باوجود اس نے شاہین ایئر کی حج پرواز معطل کردی جس کی وجہ سے گزشتہ ہفتے 200 حجاج کرام سعودی عرب میں پھنس گئے تھے۔

قبل ازیں شاہین ایئر کی بین الاقوامی پروازیں معطل کیے جانے کی وجہ سے گزشتہ ماہ 300 سے زائد مسافر چین میں ایک ہفتے تک پھنسے رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہین ایئر لائن کی معذرت، چین سے مسافروں کو لانے کا کام پی آئی اے کو سونپ دیا گیا

سپریم کورٹ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے مسافروں کو فوری طور پر واپس لانے کے احکامات دیئے تھے، اس کے ساتھ چیف جسٹس نے چین میں پھنسنے والے مسافروں کو معاوضے کی ادائیگی کی بھی ہدایت کی تھی۔


یہ خبر 3 ستمبر 2018 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024