• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

وزیراعظم عمران خان نے شجرکاری مہم کا آغاز کردیا

شائع September 2, 2018

وزیرِ اعظم عمران خان نے پاکستان میں 10 ارب درخت لگانے کی مہم کا ہری پور میں ایک پودا لگا کر باقاعدہ آغاز کردیا۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے ہری پور میں شجرکاری مہم کا آغاز کرنے کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا بھی موجود تھے۔

اسی طرح پاکستان کے لیے شجرکاری مہم کے تحت ملک کے بڑے بڑے شہروں میں 15 لاکھ پودے لگائے گئے۔

وزیرِاعظم کے مشیر برائے ماحولیاتی تبدیلی امین اسلم کا کہنا تھا کہ یہ شجرکاری مہم حکومت کے 10 ارب درختوں کی سونامی مہم کا ہی حصہ ہے۔

مزید پڑھیں: شہری شجرکاری: کیا حکومت اتنی عجلت میں یہ کام کرپائے گی؟

انہوں نے بتایا کہ پورے ملک میں ایک سو 90 مقامات پر لوگوں کو مفت پودے فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ عوام اس مہم کا باآسانی حصہ بن سکیں۔

پاکستان کے لیے شجر کاری مہم میں حکومتی اداروں، مسلح افواج، پولیس، سماجی ادارے، طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔

درخت نہ لگائے تو پاکستان ریگستان بن جائے گا، عمران خان

ہری پور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم کا مقصد گلوبل وارمنگ سے مقابلہ کرناہے۔

انہوں نے پاکستان میں 5 سال میں 10 ارب درخت لگانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں جہاں بھی خالی جگہ میسر ہوگی وہاں پودے لگائیں گے۔

وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کو سرسبزو شاداب کرنا ہے، کیونکہ ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے پاکستان دنیا کے خطرناک ممالک کی فہرست میں ساتویں نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خان صاحب، بس 10 ارب درخت لگانے کا وعدہ مت بھولیے گا

انہوں نے خبردار کیا کہ کہ اگر درخت نہ لگائے گئے تو ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ ہوگا اور مستقبل میں پورا ملک ریگستان بن جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 10 ارب درخت لگانے کی مہم سے آئندہ نسلوں کو ماحولیاتی آلودگی سے بچایا جاسکتا ہے۔

اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی شجر کاری مہم کا حصہ بن گئے

ادھر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے شجرکاری مہم کی مناسبت سے گورنر ہاؤس میں پودا لگادیا اور کہا کہ ماحول کو بہتر بنانے میں درختوں کی افادیت اور اہمیت مسلمہ ہے۔

گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ’سرسبز و شاداب پاکستان وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے اور اس مشن میں ہم سب ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔‘

کوئٹہ میں وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال بھی درخت لگا کر شجر کاری مہم کا حصہ بن گئے اور انہوں نے وزیرِاعلیٰ سیکریٹریٹ میں پودا لگا کر مہم کا آغاز کیا۔

میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جام کمال کا کہنا تھا کہ بلوچستان پسماندہ علاقہ ہے یہاں شجر کاری مہم کی اشد ضرورت ہے۔

شجر کاری مہم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ آج بلوچستان میں 95 ہزار پودے لگائے جائیں گے، اور اس مہم کو روکنے کے بجائے جاری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: شجرکاری کے موسم میں درخت لگانے کا درست طریقہ سیکھیں

وزیرِاعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ ایک ایک پودا لگانے سے کچھ نہیں ہوگا بلکہ ان پودوں کو پانی بھی فراہم کرنا ہوگا جس کے لیے ضروری ہے انہیں ایسی جگہ لگایا جائے جہاں انہیں ٹیوب ویل سے پانی مل سکے۔

وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگاتے ہوئے مہم کا آغاز کیا، جبکہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ وہ درختوں سے محبت رکھنے والے شخص ہیں۔

وفاقی وزیرِ ریلوے نے اعلان کیا کہ راولپنڈی ریلوے ڈویژن میں 3 نرسریاں بنائی جائیں گی جبکہ ریلوے لائین کی باؤنڈری کو بھی درخت لگا کر مضبوط بنایا جائے گا۔

ادھر لاہور کے کیتھڈرل چرچ میں بھی ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا گیا۔

خیبر پختونخوا میں شجر کاری مہم میں طلبا نے بھی حصہ لیا جبکہ پشاورمیں اسکولوں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں اور طلبا نے جوش و خروش کے ساتھ پودے لگائے۔

پلانٹ فار پاکستان ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان میں حکومت کی جانب سے شروع کی جانے والی شجرکاری مہم ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

اتوار کے روز ٹویٹر پر اس ٹرینڈ پر اب تک اکسٹھ ہزار سے زائد ٹویٹس کی جاچکی ہیں۔

پاکستان اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد ٹرینڈ میں حصہ لے رہی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024