• KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am
  • KHI: Fajr 5:36am Sunrise 6:56am
  • LHR: Fajr 5:15am Sunrise 6:40am
  • ISB: Fajr 5:22am Sunrise 6:50am

تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں ’موروثی سیاست‘ پر گامزن

شائع September 1, 2018

پشاور: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بھی ملک کی دیگر بڑی سیاسی جماعتوں کی طرح موروثی سیاست کے نقش قدم پر چلنے لگی اور خیبرپختونخوا کے بڑے رہنماؤں کی جانب سے ضمنی انتخابات میں اپنے ہی رشتے داروں کو ٹکٹ سے نوازنے کا امکان ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے 3 سینئر رہنماؤں کے خاندان کے افراد ضمنی انتخابات میں پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے میں تقریباً کامیاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیر دفاع پرویز خٹک، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق وزیر خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے عام انتخابات میں جیتی گئی صوبائی اسمبلی کی نشستوں کو چھوڑ کر قومی اسمبلی کی نشستوں کو برقرار رکھا تھا۔

مزید پڑھیں: ’شیخ رشید کے بھتیجے کو ٹکٹ دینا تحریک انصاف میں خاندانی سیاست کا آغاز‘

یہاں یہ بات واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے سیاسی سفر میں شاید ہی کوئی ایسا موقع چھوڑا ہو، جس میں انہوں نے اپنے مخالفین پر موروثی سیاست کے معاملے پر تنقید نہ کی ہو۔

تاہم ان کی جماعت اپنے ہی قائد کے وژن کو بالائے طاق رکھتے ہوئے موروثی سیاست کی ایک بہتری مثال کرنے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کی ایک قومی اور 9 صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا انعقاد 14 اکتوبر کو ہوگا۔

صوبائی الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے مطابق خواتین سمیت 155 امیدوار ضمنی انتخابات میں مد مقابل ہیں۔

ضمنی انتخابات این اے 35 بنوں، پی کے 3 سوات، پی کے 7 سوات، پی کے 44 صوابی، پی کے 53 مردان، پی کے 61 نوشہرہ، پی کے 64 نوشہرہ، پی کے 78 پشاور، پی کے 97 ڈیرہ اسماعیل خان، پی کے 99 ڈیرہ اسماعیل خان کی نشستوں پر ہوں گے۔

عام انتخابات میں وزیر دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ کی دو صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی، لہٰذا اس بات کا امکان ہے کہ پی کے 64 سے ان کے بیٹے ابراہیم خان اور پی کے 61 سے ان کے بھائی لیاقت خان خٹک امیدوار ہوں گے اور دونوں رہنماؤں نے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرادیے ہیں۔

لیاقت خان خٹک ضلعی ناظم تھے لیکن ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے قبل انہوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیر دفاع پرویز خٹک تحریک انصاف میں کافی اثر و رسوخ رکھنے والے سمجھے جاتے ہیں، لہٰذا اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ اپنے بیٹے اور بھائی کے لیے باآسانی پارٹی ٹکٹ حاصل کرلیں گے۔

پرویز خٹک کے خاندان پر نظر ڈالی جائے تو ان کے داماد ڈاکٹر عمران خٹک رکن قومی اسمبلی، ان کی سالی نفیسہ خٹک ایم این اے، ان کی بھتیجی/ بھانجی ساجدہ ذوالفقار بھی رکن اسمبلی جبکہ ان کے بھتیجے/ بھانجے احد خٹک نوشہرہ تحصیل ناظم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ‘پی ٹی آئی نے پاکستان کی موروثی سیاست میں دراڑیں ڈال دیں‘

ذرائع کے مطابق این این اے علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین گنڈا پور کا پی کے 97 ڈیرہ اسماعیل خان سے ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونے والے علی امین گنڈاپور کے ایک اور بھائی عمر امین گنڈاپور ڈیرہ اسمٰعیل خان کے تحصیل ناظم ہیں۔

اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ نے بھی ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ وہ پی کے 44 صوابی سے تحریک اںصاف کے امیدوار ہوں گے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024