• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

ایرانی وزیر خارجہ کی پاکستان کے آرمی چیف اور ہم منصب سے ملاقاتیں

شائع August 31, 2018
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایرانی ہم منصب کا استقبال کررہے — فوٹو بشکریہ دفتر خارجہ
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی ایرانی ہم منصب کا استقبال کررہے — فوٹو بشکریہ دفتر خارجہ

پاکستان کے دورے پر موجود ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی اور دو طرفہ باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سیکیورٹی کے قیام کے لیے ٹھوس اقدامات کررہا ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے آرمی چیف سے ملاقات میں خطے میں امن کے قیام اور تنازعات سے بچاؤ کے لیے پاک فوج کی کوششوں کو سراہا۔

ایرانی وزیر خارجہ کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

اس سے قبل ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی سے دفتر خارجہ میں ملاقات کی، جس میں دو طرفہ باہمی تعلقات کو زیرِ غور لایا گیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی ہم منصب کی دفتر خارجہ آمد پر ان کا استقبال کیا۔

دونوں ممالک کے وزراء خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے کہا کہ پاکستان اور ایران مشکل حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ نے ایران کی قیادت اور عوام کی جانب سے وزیراعظم عمران خان اور ہم منصب شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ بننے پر مبارکباد پیش کی۔

مزید پڑھیں : ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف کی پاکستان آمد

بیان میں کہا گیا کہ ایرانی وزیر خارجہ نے گستاخانہ خاکوں کی منسوخی پر مبارکباد دی اور اس حوالے سے پاکستان کے احتجاج کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ امت مسلم کو ایسے معاملات پر یک زبان ہونے کی ضرورت ہے۔

دونوں ممالک کے وزراء خارجہ کی ملاقات کے دوران باہمی تعلقات میں تعاون کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا، ملاقات میں عالمی اور علاقائی مسائل کو زیرِ غور لایا گیا جس میں افغانستان کی صورتحال اور ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ ختم کرنے کے امریکی فیصلے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔

دفتر خارجہ کے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقات میں سیاسی اور اقتصادی معاملات پر بات چیت کے دوسرے مرحلے کو جلد از جلد منعقد کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق ملاقات میں معیشت، تجارت، تقافت اور مختلف شعبہ جات کو مضبوط بنانے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی جانب سے کشمیریوں کی کوششوں کی حمایت کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

ایران اور امریکا کے درمیان جوہری معاہدے سے متعلق ایران کے مؤقف کی حمایت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے اُمید ظاہر کی کہ معاہدے کے دیگر فریق اپنے وعدوں پر قائم رہیں گے۔

اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستانی حکومت اور عوام کی مہمان نوازی اور ان کے پرجوش استقبال کیے جانے پر شکریہ ادا کیا۔

گزشتہ روز ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف وزیراعظم عمران خان، ہم منصب شاہ محمود قریشی اور پاکستان کے دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقات کے لیے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے تھے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کیا تھا اور اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024