’بولی وڈ میں اقربا پروری موجود ہے، لیکن یہ صحیح نہیں‘
بولی وڈ اداکار ورن دھون پہلے ہی ہندی سینما میں اقربا پروری پر جاری تنازع کا حصہ بن کر لوگوں کی تنقید کا سامنا کر چکے ہیں، تاہم اب اداکار نے ایک بیان میں اعتراف کرلیا ہے کہ بولی وڈ میں اقرباپروری موجود ہے لیکن یہ صحیح نہیں۔
ورن دھون بولی وڈ کے نامور پروڈیوسر ڈیوڈ دھون کے بیٹے ہیں، جنہوں نے 2012 کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ کے ساتھ فلمیں انڈسٹری میں ڈیبیو کیا۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق ورن دھون کا اقرباپروری پر جاری بحث کے حوالے سے کہنا تھا کہ ’جب میرے والد بومبے میں رہنے آئے تو انہوں نے چار لوگوں کے ساتھ ایک گھر شیئر کیا، ان کی پہلی گاڑی ٹیکسی تھی، جس پر انہوں نے عام استعمال کی گاڑی کا رنگ کیا، انہوں نے اپنی زندگی میں اپنی محنت سے حاصل کیا، اس کے لیے بہت سی قربانیاں دی، وہ میرے اسٹار ہیں، میرے ہیرو، میرے سپرہیرو‘۔
مزید پڑھیں: عالیہ بھٹ کا بولی وڈ میں اقربا پروری کا اعتراف
ورن دھون کو بولی وڈ میں ہدایت کار کرن جوہر اپنی فلم کے ساتھ سامنے لائے، جن پر ہندی سینما میں اقرباپروری کرنے کا الزام کئی بار لگایا جاچکا ہے۔
اس حوالے سے اداکار نے کہا کہ ’بولی وڈ میں اقرباپروری موجود ہے، لیکن یہ غلط ہے، اور ایسا ہونا نہیں چاہیے، وہ نوجوان جن کا تعلق انڈسٹری سے نہیں انہیں بھی یہاں کام کا موقع ملنا چاہیے‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ سال ورن دھون کو اس وقت سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا، جب اداکار نے آئیفا ایوارڈز 2017 کی تقریب میں کرن جوہر اور سیف علی خان کے ساتھ مل کر اداکارہ کنگنا رناوٹ کا مذاق اڑایا تھا۔
اسٹیج پر موجود ان تینوں بولی وڈ فنکاروں نے بولی وڈ میں نیپوٹزم راک (جیے اقرباپروری) کا نعرہ بھی لگایا تھا۔
تاہم بعدازاں ورن دھون نے سوشل میڈیا پر کنگنا اور اپنے مداحوں سے معافی بھی مانگ لی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: آئیفا ایوارڈز: کرن، سیف اور ورن نے اڑایا کنگنا کا مذاق
یاد رہے کہ ورن کی پہلی فلم میں ان کے ساتھ مہیش بھٹ کی بیٹی اداکارہ عالیہ بھٹ نے بھی ڈیبیو کیا تھا۔
ان کے بعد بھی کرن جوہر بولی وڈ میں بہت سے اسٹار کڈز کو سامنے لاچکے ہیں، جن میں جھانوی کپور، سارہ علی خان، اننیا پانڈے موجود ہیں۔
رپورٹس کے مطابق کرن جوہر بہت جلد شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان اور سری دیوی کی چھوٹی بیٹی خوشی کپور کو بھی ایک ساتھ فلم میں لانچ کرنے جارہے ہیں۔