وزیراعظم سے ایم کیو ایم کے وفد کی ملاقات، کراچی کو فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی
اسلام آباد : متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے کراچی کو فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان سے کراچی کے مسائل کے خاتمے لیے پیکج اور مقدمات میں نامزد ایم کیو ایم کارکنان کے لیے ریلیف مانگ لیا۔
رپورٹس کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم کے لاپتہ اور گرفتار شدہ کارکنوں کی بازیابی سے متعلق بھی گفتگو کی گئی، وفد کی جانب سے کراچی اور بالخصوص ایم کیو ایم کے ساتھ ناانصافیوں کی شکایات کی گئیں۔
وزیراعظم ہاؤس کے اعلان کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال خصوصاً سندھ کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔
ملاقات میں وزیراعظم نے کراچی اور حیدر آباد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز فراہم کیے جانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
مزید پڑھیں : پی ٹی آئی، ایم کیو ایم کا حکومت سازی کیلئے تحریری معاہدے کا اعلان
وفاقی وزیر برائے ٹیلی کمیونیکیشن خالد مقبول کی سربراہی میں ایم کیو ایم وفد نے عمران خان نے ملاقات کی، اس وفد میں وزیر قانون فروغ نسیم، میئر کراچی وسیم اختر، نسرین جلیل اور امین الحق بھی شامل تھے۔
بعد ازاں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیراعظم سے علیحدہ ملاقات کی جس میں عمران خان نے گورنر بننے پر انہیں مبارکباد بھی دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کراچی میں بنیادی سہولیات کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ شہریوں کے مسائل سے آگاہ ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، جو ملک کے استحکام میں کردار ادا کرتا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گورنر سندھ کو یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت کراچی کے مسائل حل کرنے اور امن کے قیام میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : ایم کیو ایم پر جو الزامات لگائے، آج بھی اس پر قائم ہیں، پی ٹی آئی
واضح رہے کہ 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی کے بعد ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان حکومت سازی کے لیے اتحاد قائم کیا گیا۔
اتحاد قائم ہونے کے بعد بھی دونوں جماعتوں کے ایک دوسرے سے شکوے شکایات جاری رہے۔ میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے پاس پی ٹی آئی سے معاہدے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے ایم کیو ایم پاکستان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ماضی میں ایم کیو ایم کے حوالے سے جو باتیں کی تھیں اس پر آج بھی قائم ہیں اور یہ اتحاد مجبوری میں کیا گیا ہے۔