مسلم امہ ایک ہوکر گستانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرائے، وزیر اعظم
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان گستاخانہ خاکوں پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ میں ایک آواز ہو کر اس مسئلے کو اٹھائیں گے توتب یہ سلسلہ رکے گا۔
انہوں نے یہ بات گستاخانہ خاکوں کے معاملہ پر ویڈیوپیغام جاری کرتے ہوئے کہی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کامعاملہ ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں کے دلوں میں رہتے ہیں اور ان کی شان میں گستاخی ہر مسلمان کے لئے یکساں تکلیف دہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مغرب کے لوگوں کو ہمارے جذبات کا احساس کی سمجھ نہیں ہے کیونکہ ہم مسلمانوں نے انہیں کبھی سمجھایا ہی نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو او آئی سی ممالک سے رابطے کے لئے ہدایت کی ہے، وہ اقوام متحدہ میں بھی اس سلسلے میں ملاقاتیں کرینگے۔
مزید پڑھیں: گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کےخلاف 'ٹی ایل پی' کا مارچ جہلم پہنچ گیا
ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنی بات مغرب کو تب سمجھا سکیں گے جب سب مسلمان متحد ہوں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے مغرب کو کبھی سمجھایا ہی نہیں کہ جس طرح وہ اپنے دین کی طرف دیکھتے ہیں ہم ان سے مختلف طریقے سے اپنے دین کی طرف دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمان او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اقوام متحدہ میں ایک آواز ہو کر اس مسئلے کو اٹھائیں گے توتب یہ سلسلہ رکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر عالمی برادری سے رابطہ
ان کا کہنا تھا کہ مغرب میں اکثریت کو اس معاملہ کا علم تک نہیں ہے، یہ فتنہ وہاں کے چند لوگ کرتے ہیں، ہم احتجاج کریں گے اور مغرب کو اپنا نکتہ نظر بھی سمجھائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ انشاء اللہ ہم اپنے احتجاج سے دنیا کو اس مسئلے کے بارے میں سمجھائیں گے اور انشاء اللہ اس میں کامیاب بھی ہوں گے۔